پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے ایس بی سی اے حکام کو غیری قانونی تعمیرات میں ملوث قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) حکام ایک ایک لاکھ روپے لے کر غیر قانونی طور پر نئی منزل تعمیر کرنے کی اجازت دے دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح (5 مارچ کو) کراچی کے علاقے گولیمار نمبر 2 میں تین رہائشی عمارتیں گرگئیں تھیں جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق عمارتیں 40 ،40 گز کے 3 پلاٹس پر بنی ہوئی تھیں، جن میں سے ایک عمارت مکمل طور پر گر گئی جبکہ 2 عمارتوں کا بیشتر حصہ زمین بوس ہوگیا۔
اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آشکار داور کا کہنا تھا کہ گولیمار میں گرنے والی عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پہلے غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔