انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم صرف ایک میچ ہی جیت سکی ، لیکن ہیڈ کوچ نے ایک بار پھر ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔
ہیڈ کوچ اقبال امام کا کہنا ہے کہ کہ ان کی ذمہ داری ورلڈ کپ تک تھی ،پی سی بی چاہے گا تو آگے بھی کام کرنے کو تیارہیں۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے پاکستان کو ہرا دیا
پاکستان ویمن ٹیم نے ایونٹ میں چار میچز کھیلے، صرف ایک میچ میں کامیابی ملی، دو میچز میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔
ہیڈ کوچ اقبال امام صرف ایک کامیابی پر مطمئن ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ہر سوال پر ایک ہی راگ الاپتے رہے کہ ٹیم کی کارکردگی اطمنان بخش ہے۔
یہ بھی پڑھیے: انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے ہرادیا
ہیڈ کوچ اقبال امام نے شکست کی بڑی وجہ کپتان بسمہ معروف کی انجری کو بھی قرار دیا۔
اقبال امام نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم نے ماضی کی نسبت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بد قسمت رہے، شکست کا ذمہ دار کوئی ایک نہیں، پوری ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ نے اُنہیں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ورلڈ کپ تک دی تھی، وہ جلد رپورٹ پی سی بی کو جمع کرادیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے ہرا دیا
قومی ویمن ٹیم نے ورلڈکپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، پھر اُس کے بعد انگلینڈ نے 42 رنز اور جنوبی افریقا نے 17 رنز سے ہرایا جبکہ تھائی لینڈ کے خلاف میچ بے نتیجہ رہا۔