چین میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد چین میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار 70 ہو گئی جبکہ 99 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔
کورونا سے 97 ممالک میں 3495 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد بیمار ہوئے ہیں، دنیا بھر میں 56 ہزار مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 197 ہو گئی، ایران میں 124، فرانس میں 9، اسپین میں 8، عراق میں 4، برطانیہ میں 2، نیدر لینڈ میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 17 ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا
متحدہ عرب امارات میں 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
افغانستان نے بھی کورونا وائرس کے 4 کیسز کی تصدیق کی ہے، چاروں کیسز صوبۂ ہرات میں سامنے آئے ہیں۔
سان فرانسسکو کے ساحل پر روکے گئے بحری جہاز گرانڈ پرنسس میں کورونا وائرس کے 21 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جہاز پر سوار عملے کے 19 ارکان اور 2 مسافر کورونا سے متاثر ہیں۔
کورونا وائرس کا دنیا بھر میں پھیلاؤ جاری ہے، عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ شدید تشویش کا باعث ہے، تمام ممالک اس کے پھیلاؤ کو روکنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔