• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دیدی

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دیدی


پاکستان سپرلیگ( پی ایس ایل) سیزن 5 کے 20ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جیت کا فیصلہ ڈکورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کیا گیا۔

بارش کی پیشگی اطلاع اور وکٹ کی کنڈیشن دیکھتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان اور کولن منرو کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 195 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

شاداب خان نے 42 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77، کولن منرو نے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے جبکہ انگرام نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور امام الحق نے پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز کیا، 44 کے مجموعے پر امام الحق 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 7ویں اوور کی پانچویں گیند پر گری،21 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلنے والے کامران اکمل کو ظفر گوہر نے میدان بدر کیا۔

9ویں اوور کے اختتام پر پشاور زلمی نے 2 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی جو میچ کے اختتام تک جاری رہی۔

میچ میں فتح کے ساتھ پشاور زلمی نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے، اس کے پوائنٹس  کی تعداد 9 ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تازہ ترین