• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاثر غلط ہے کہ کورونا کے مریض صرف کراچی میں ہیں، ناصر حسین


سندھ کے وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا وائرس کے سارے مریض صرف کراچی یا سندھ میں ہی ہیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریض اس لیے سامنے آ رہے ہیں کہ حکومتِ سندھ نے اس وائرس کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تفتان سرحد سے 8 ہزار کے قریب لوگ پاکستان آئے،ان میں سے 15 سو سندھ میں جبکہ باقی دیگر صوبوں میں گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام 15 سو افراد سے رابطہ کر کے ان کا ڈیٹا لیا ہے اور چیکنگ کی ہے، قرنطینہ مراکز میں علاج کے اخراجات سندھ حکومت اٹھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آگئے

صوبائی وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں تعلیمی اداروں میں امتحانات وقت پر ہوں گے، اسکول بند کرنے پر سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد شہرِ قائد میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

ترجمان محکمۂ صحت سندھ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے 5 مریض دوحہ اور شام سے پاکستان پہنچے ہیں جبکہ 3 مریض دبئی کے راستے لندن سے کراچی پہنچے ہیں۔

کورونا وائرس کا ایک مریض صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھر جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: دنیا بھر میں کورونا سے 4 ہزار اموات ہوگئیں

کورونا وائرس کا شکار ہونے والا پاکستان کا پہلا مریض کراچی کا 22 سالہ نوجوان ایران سے واپس آیا تھا اور کراچی پہنچنے پر اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

تازہ ترین