• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی رہنماؤں کی ڈاکٹر عدنان پر قاتلانہ حملے کی مذمت

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر مسلم لیگ ن کے سیاسی رہنماؤں نے مذمت کی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر عدنان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بعد نواز شریف کا معالج بھی ٹارگٹ پر ہے، ڈاکٹرعدنان پرقاتلانہ حملے کا مطلب واضح ہے، سیاسی مخالفین اور ان سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانا انتہائی منفی رجحان ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ برطانوی حکومت ڈاکٹر عدنان پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے، برطانوی حکومت سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عدنان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی ڈاکٹر عدنان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ماضی میں پارٹی رہنماؤں پر حملوں کو دیکھتے ہوئے سمجھ سکتے ہیں ڈاکٹر عدنان کو نشانہ بنانے والے کون ہوسکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ برطانوی حکومت نواز شریف اور ان سے وابستہ دیگر افراد کی حفاظت یقینی بنائے، اس سے پہلے لندن میں شریف خاندان کی رہائش گاہوں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف تشدد، حملے اور ذاتیات تک جانا افسوسناک اور فاشسٹ سوچ کی عکاس ہے، ڈاکٹر عدنان پرحملے کا مطلب یہ ہے کہ نواز شریف کے علاج میں خلل ڈالا جائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نوازشریف کےذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پرحملہ بزدلانہ فعل ہے، یہ انتہائی قابل مذمت اور افسوس ناک واقعہ ہے، ڈاکٹرعدنان اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔

آصف کرمانی نے کہا کہ امید ہے لندن پولیس حملہ آوروں کا جلد سراغ لگائے گی۔

واضح رہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر لندن میں گزشتہ روز حملہ کیا گیا تھا ۔

ذرائع کہنا ہے کہ پاک لین میں 2 نقاب پوشوں نے ڈاکٹر عدنان پر راڈ سے حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی گئی۔

ذرائع کے مطابق دھاتی راڈ سے نقاب پوش افراد کے حملے میں ڈاکٹر عدنان کے سر، چہرے اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں۔

تازہ ترین