سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کی تعداد 15 ہوگئی۔
صوبائی محکمہ صحت نے نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
کورونا کا پہلا کیس حیدرآباد میں سامنے آیا جو شام کے راستے دوحا سے حیدرآباد پہنچا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق دوسرا کیس کراچی میں سامنے آیا، جبکہ یہ شخص دبئی کے راستے ایران سے کراچی پہنچا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کے اہلخانہ سے بھی رابطے میں ہیں۔
ان نئے دو کیسز کے سامنے آنے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ اس اضافے کے ساتھ ملک میں مجموعی طور کورونا متاثرہ کیسز کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کا کہنا سندھ میں سامنے آنے والے ان 15 مریضوں میں سے ایک مریض صحتیاب ہوچکا ہے جبکہ 14 زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور خطرے کے پیش نظر حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیے: ایئر پورٹ پر چیکنگ نہیں ہوئی، کراچی پہنچنے والے مسافر کا انکشاف
سندھ کے وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا وائرس کے سارے مریض صرف کراچی یا سندھ میں ہی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ شام سے پاکستان آنے والے کورونا وائرس کے مریض سے ملاقات کرنے والے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس دنیا کے 112 ممالک تک پہنچ چکا ہے، اب تک ایک لاکھ 13 ہزار 770 مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ اموات 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں، اس کے علاوہ 62 ہزار 832 مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
فرانس، جرمنی اور اسپین میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسپین میں ایک ہی دن میں مزید 11 افراد جان سے گئے اور 399 نئے مریض سامنے آئے، ایران میں مزید 43 افراد ہلاک اور 595 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکا میں بھی کورونا سے اب تک 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔