کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں فیڈریشن اورٹیم کے کھلاڑی بھی ایک صفحے پر نظر نہیں آرہے ہیں، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ملائیشیا روانگی سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم ٹاپ تھری میں آنے کی کوشش کرے گی، کھلاڑی اس حوالے سے پر عزم اور پر امید ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے تربیتی میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے، ٹیم سینئرز اور جونئیرز پر مشتمل ہے۔ ایونٹ میں تمام ٹیموں سے سخت مقابلہ ہوگا۔ بھارت کیخلاف میچ کے لئے حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کرکٹ سے مایوس ہونے والے شائقین کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں اچھی خبر دیں گے۔ ہم پر کسی قسم کا دبائو نہیں، اپنی صلاحیتوں کا بہتر انداز میں مظاہرہ کریں گے، تاہم پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ قومی ٹیم ایونٹ میں چوتھی پوزیشن بھی حاصل کرلے تو بڑی بات ہوگی،ٹیم تشکیل کے مرحلے میں ہے اس لئے اس سے کوئی بہتر نتائج کی توقع نہیں کی جائے ہاکی کی بحالی میں دو سے تین سال لگیں گے۔کپتان اور سکریٹری کے عزم اور ارادوں میں اس قدر تضاد کو ہاکی کے حلقوں نے حیرت انگیز قرار دیا ہے۔