صبح کا ناشتہ دن کی خوراک کا سب سے ضروری حصہ ہے۔کہا جاتا ہے کہ صبح کا ناشتہ بادشاہوں کی طرح کیا جائے تاکہ تمام دن کے لیے توانائی ملے اور مختلف کام سرانجام دینے کی قوت بھی ہو۔ پوری دنیا کے لوگ اپنی اپنی پسند اور روایت کے مطابق ناشتہ کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں پاکستان میں بھی طرح طرح کے پکوان ناشتے میں بنائے جاتے ہیں۔جن میں مختلف پراٹھے، انڈے، نان، چنے، حلوہ پوری، سری پائے، نہاری،چائے،باقرخانی وغیرہ شامل ہیں۔یہ ایسے پکوان ہیں جو اپنے ذائقے کی بنا پر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں مقبول ہوگئے ہیں۔
خاص طور پرمغربی ممالک میں یہ پکوان خوب شوق سے کھائے جارہے ہیں۔ یہ ایسے پکوان ہیں جو ہمیشہ ایسے ہی شوق سے کھائے جاتے رہیں گے ۔مگر اب ان کے ساتھ ہی دوسرے ممالک میں کیے جانے والے چند ناشتے بھی خوب توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ہمارے ہاں اب کئی طرح کے انڈے بھی بہت پسند کیے جانے لگے ہیں۔ساتھ ہی ناشتےمیں پین کیک، سوسجزاور کافی وغیرہ بھی بنائے جاتے ہیں۔ان نئے ناشتوں کی چند تراکیب ملاحظہ کریں۔
اسکر مبلڈ ایگز
اجزاء۔
انڈے۔ چھ عدد
ڈبل روٹی۔ سلائس چار عدد
کریم۔ آدھا کپ
نمک ۔حسب ذوق
ترکیب۔
ایک پیالے میں انڈے، نمک اور کریم ڈال کر پھینٹ لیں۔پھر اس کو فرائی پین میں ڈال کر پکائیں اور مکس کرتے رہیں،خیال رہے کہ اسے زیادہ نہ پکائیں۔پھر ڈبل روٹی کے سلائس کو گرل پین پر گرم کرکے سرو کریں۔
ہرب آملیٹ مشرومز کے ساتھ
اجزاء۔
اولیو آئل۔ دو کھانے کے چمچ
مشروم ۔آدھا کپ ﴿سلائسز
نمک ۔حسب ذائقہ
کالی مرچ پاؤڈر ۔حسب ذائقہ
انڈے ۔دو عدد
اٹالین ہرب۔ ایک چوتھائی کھانے کا چمچ
ہلدی۔ چٹکی بھر
کریم ۔آدھا کھانے کا چمچ
پارسلے ۔آدھا کھانے کا چمچ ﴿باریک کٹے ہوئے
تلسی کے پتے۔ گارنشگ کے لیے
ترکیب۔
آدھے اولیو آئل میں مشرومز کو نمک اور کالی مرچ ڈال کر ہلکا فرائی کرلیں۔انڈوں میں اٹالین ہرب، ہلدی، کریم، نمک اور آدھے پارسلے ڈال کر پھینٹ لیں۔بقیہ اولیو آئل گرم کرکے اس میں انڈے ڈالیں۔ایک سائیڈ سے پک جائیں تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے پکاکر فولڈ کرلیں۔تیار ہونے پر فرائیڈ مشرومز ڈال کر بقیہ پارسلے چھڑکیں اور تلسی کے پتوں سے سجا کر سرو کریں۔
سویٹ پین کیک رولز
اجزاء۔
پین کیک کے لیے:
میدہ ۔ڈیڑھ پیالی
نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
انڈے۔ دو عدد
پانی۔ ایک پیالی
بھرنے کے لیے:
تازہ ناریل۔ دو پیالی (کدوکش کیا ہوا)
چینی۔ چار کھانے کے چمچ
بادام ۔آدھی پیالی (چوپ کیا ہوا)
پستے ۔آدھی پیالی (چوپ کیا ہوا)
الائچی۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
دودھ ۔تین کھانے کے چمچ
ترکیب۔
دیگچی میں ناریل، چینی، بادام، پستے، الائچی اور دودھ ڈال کرملائیں۔چند سیکنڈ پکائیں اور چولہا بند کرکے اسے ٹھنڈا کرلیں۔پین کیک آمیزہ تیار کرنے کے لیے میدہ، انڈے، نمک اور پانی ڈال کر پتلا آمیزہ بنالیں۔اسے چھلنی کی مدد سے چھان لیں۔
نان اسٹک فرائینگ پین کو تیل سے چکنا کریں۔مانڈہ پٹی بنانے کے لیے گہرے چمچ کی مدد سے آمیزہ اس میں شامل کریں۔اضافی آمیزہ واپس پلٹیں اور جب مانڈہ پٹی تیار ہو جائے تو اُتار لیں۔اس عمل کو دہراتے ہوئے باقی مانڈہ پٹیاں بھی تیار کر لیں۔ناریل کا آمیزہ پٹیوں کے ایک جانب رکھیں اور انہیں رول کریں۔مزیدارپین کیک رولزپیش کریں۔
اسپنش آملیٹ
اجزاء۔
انڈے کی سفیدی۔ 3 عدد
چکن۔ 250 گرام
زیتون ۔ 4 کھانے کے چمچ
موزریلا چیز۔ حسب ضرورت
لیموں۔ 2 عدد
لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ
اوریگانو۔ آدھا چائے کا چمچ
تھائم۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
کالی مرچ۔ حسب ذائقہ
ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پودینہ ۔گارنش کے لیے
ترکیب۔
انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ لیں کہ اس میں ہوا بھر جائے ِ۔پھر اس میں لال مرچ، تھائم، اوریگانواور نمک ڈال کے مکس کریں۔چکن کو نمک اور لیموں کے رس کے ساتھ فرائی کرلیں۔فرائنگ پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کے ہلکی آنچ پر گرم کریں اور اس میں مکسچر پھیلا دیں،اوپرزیتون چکن اور لیموں چھڑک کے سائیڈ بدل دیں۔پلیٹ میں نکال لیںاور اوپر موزریلا چیز کے ٹکڑے ڈال کے اسے پری ہیٹ اوون میں فل ہیٹ پر دو منٹ کیلئے اوون میں رکھیں۔ہرا دھنیا، ہری مرچ اور پودینہ سے گارنش کرکے سرو کریں۔
پین کیک
اجزاء۔
میدہ۔ ایک پیالی
چینی۔ ایک چٹکی
نمک۔ ایک چٹکی
انڈا ۔ایک عدد
دودھ یا پانی ۔ایک پیالی
آئل یا گھی۔ چار سے چھ ٹیبل سپون
ترکیب۔
میدے میں نمک ملا کر چھان لیں۔ دودھ، انڈہ شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں ۔مکسچر نہ زیادہ گاڑھا ہو نہ پتلا، اس میں چینی بھی ڈال دیں۔ فرائنگ پین کو آئل سے اچھی طرح چکنا کر کے ہلکی آنچ پر گرم کر یں۔ درمیانے سائز کی پیالی میں آمیزہ لے کر فرائنگ پین میں ڈالیں۔ ہینڈل پکڑ کر گھماتے رہیں تاکہ آمیزہ برابر آجائے۔ ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب کناروں سے چھوڑنے لگے تو صاف برتن میں اتارلیں۔ اس کو شہد ، مختلف قسم کے جام اور شیرے میں پکے تازہ پھلوں کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔
ٹریفک لائٹ اسکر مبلڈ ایگز
اجزاء۔
انڈے ۔چھ عدد
پانی ۔تین کھانے کے چمچ
کریم۔ دو کھانے کے چمچ
کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ
آئل ۔ایک چوتھائی کپ
پیاز۔ ایک عدد (کَٹی ہوئی)
شملہ مرچ۔ ایک عدد (کیوبز میں کٹی ہوئی)
سویٹ کارن ۔دو کھانے کے چمچ
ٹماٹر۔ ایک عدد (کیوبز میں کٹا ہوا)
ترکیب۔
ایک پیالے میں انڈے، پانی، کریم، نمک اور کالی مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔پھرایک برتن میں تیل گرم کریں۔اس میں پیاز، شملہ مرچ، سویٹ کارن اور ٹماٹر ڈال کر نرم ہوجانے تک فرائی کرلیں۔اس میں پھینٹے ہوئے انڈے ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔انڈے اچھی طرح پک جائیں تو چولہے سے اتار لیں۔اور ٹوسٹ کی ہوئی بریڈ سلائس کے ساتھ پیش کریں۔
سٹفڈ ایگ
اجزاء۔
انڈے۔ چھ عدد (سخت اْبلے )
وائٹ سوس۔ آدھا کپ
شملہ مرچ۔ ایک عدد (باریک کٹی)
گاجر۔ ایک عدد (باریک کٹی)
کالی مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ آدھا چائے کا چمچ
بریڈ کرمز۔ حسب ضرورت
انڈا (کچا)۔ ایک عدد
تیل۔ فرائی کیلئے
ترکیب۔
اْبلے انڈوں کے دو حصے کر کے زردی الگ کر لیں۔ اور زردیوں میں وائٹ سوس، شملہ مرچ، گاجر ، نمک اورکالی مرچ پاؤڈر مکس کریں۔اب انڈے کی سفیدی کو اس مکسچر سے ڈھانپ دیں۔پہلے انڈے میں ڈٍپ کریں پھر بریڈ کرمز لگائیں اور فریج میں دس منٹ کیلئے رکھ دیں۔پھر ڈیپ یا شیلو فرائی کرلیں۔ کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔
بیکڈ بینز
اجزاء۔
سفید بینز۔ پانچ سو گرام
زیتون کا تیل۔ ایک کھانے کا چمچ
سوسجز۔ دو عدد
پیاز ۔آدھی کٹی ہوئی
لہسن ۔چار جوئے کٹا ہوا
روز میری۔ ایک کھانے کا چمچ
کٹی ہوئی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ
شہد ۔دو کھانے کا چمچ
ٹماٹر پیسٹ۔ ایک چوتھائی کپ
ٹومیٹو سوس۔ پندرہ اونس
چکن یخنی۔ دو کپ
نمک ۔حسب ذائقہ
پارسلے۔ آدھا کپ کٹے ہوئے
سرکہ۔ دو کھانے کا چمچ
ترکیب۔
بینز کو رات بھر پانی میں بھگوئیں اور اگلے دن ابال لیں ۔پین میں تیل گرم کر کے آدھی پیاز اور سوسجز کوہلکاسا پکا لیں۔اس میں کٹا لہسن ، کٹی لال مرچ اور روز میری ڈال کر ایک سے دو منٹ پکا لیں۔پھر شہد ، ٹماٹر کا پیسٹ، ٹومیٹو سوس اور یخنی ڈال کر ہلکا سا پکا لیں اور بین کو شامل کر لیں۔اب ڈھک کر دم پر پکنے دیں اور سرو کرتے وقت پارسلے اور سرکہ ڈال دیں۔
لیمن آملیٹ سوفلے
اجزاء۔
انڈوں کی زردی۔ چھ عدد
انڈوں کی سفیدی۔ آٹھ عدد
لیموں کے چھلکے۔چار
شکر۔ ایک پاؤ
مکھن ۔تھوڑا سا
ترکیب۔
سب سے پہلے انڈوں کی زردی اور شکر ملا کر خوب پھینٹ لیں تاکہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے۔پھر انڈوں کی سفیدی بھی پھینٹ کر برف کی طرح کرلیں۔ سفیدی اور زردی کو آپس میں ملا دیں۔لیموں کے چھلکے بھی ملا دیں۔اوون پروف ڈش کی تہہ میں چکنا کاغذ لگائیں۔اس پر آمیزہ انڈیل دیں۔گرم اوون میں ڈش چھ منٹ کے لیے رکھ دیں۔آملیٹ کو آنچ سے ہٹا کے ٹھنڈا کرلیں۔برتن میں نکال کر دائروں کی شکل میں کاٹ کر اوپر مکھن لگا کر پیش کریں۔