• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ممالک میں کورونا وائرس سے صورتحال بے قابو


کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے دُنیا کے 151 ممالک میں اب تک 5835 اموات ہوچکی ہیں جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں اور کورونا بیماری میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اسپین میں ایک ہی روز میں 63 اموات ہوگئی ہیں جبکہ 12سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں، کورونا کی وجہ سے اسپین میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اسپین میں 15 دنوں کے لیے ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے جبکہ عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر  نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فرانس میں مزید 12 اموات ہوچکی ہیں اور اب کورونا کے 8 سو کیسز ہوگئے ہیں جبکہ فرانس کے تفریحی مقامات اور ریستوران بند کردیے گئے ہیں، فرانس میں شہریوں کو اندرون ملک بھی غیر ضروری سفر سےگریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں کورونا وائرس کے 10 مریض زیر علاج ہیں، لیاقت شاہوانی

سوئٹزر لینڈ میں کورونا نے مزید 2 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 13ہوگئی ہے جبکہ 236 افراد بیمار ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث آسٹریلیا میں داخل ہونے والوں کو 14 دن کے لئے خود سے الگ تھلگ ہونا پڑے گا۔

کورونا کی وجہ سے جرمنی کے شہر برلن اور کولون نے بارز، کلب ،سنیما، تھیٹر اور کانسرٹ ہال بند کردیئے گئے ہیں۔

 مصر نے کورونا وائرس کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے  اسکول اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

فلپائن کے دارالحکومت منیلا ریجن میں جزوی شٹ ڈاؤن جبکہ منیلا میں فلموں کی اسکریننگ، کانسرٹس، کھیلوں کے ایونٹس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈنمارک میں کورونا سے پہلی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ بیلجیم، ناروے، سوئیڈن، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، یونان، سلوینیا اور پولینڈ میں بھی کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے چین اب بھی پہلے نمبر پر ہے۔ 

چین میں کورونا نے مزید 13افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد اب چین میں اموات کی تعداد 3199 ہوگئی ہے جبکہ چین اور جنوبی کوریا میں کوورنا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس: یو اے ای نے ویزا کا اجرا بند کردیا

کورونا سے متاثر ممالک میں اٹلی کا دوسرا نمبر ہے اور ملک میں اب بھی لاک ڈاؤن جاری ہے۔

 کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ایران کا تیسرا نمبر ہے۔ ایران میں کورونا کی وجہ سے مزید 97 اموات سے مجموعی تعداد611 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین