• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا قمر نے یوٹیوب چینل بنانے کا عندیہ دیدیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ صبا قمر نے جلد ہی اپنا یوٹیوب چینل بنانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے اکاؤنٹ پر سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں ان کے پرستاروں کی بڑی تعداد نے ہیش ٹیگ ’AskSaba‘ کا استعمال کرتے ہوئے صبا سے سوالا ت کئے۔

11 مارچ کو اداکارہ کی جانب سے ایک ٹوئٹ سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ‘مداحوں کے پیار کے جواب میں انہوں نے کچھ گفتگو کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز صبا نے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ وہ شام 5 بجے سے سب کو جوابات دیں گی، انہوں نے مخصوص ہیش ٹیگ کا استعمال کرنے کا بھی کہا تھا۔

’آسک صبا‘ کے سیشن میں صبا قمر نے مداحوں کے مخلتف سوالوں کے دلچسپ جواب دیئے۔

یوٹیوب چینل متعارف کروانے کے حوالے سے سوال میں انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی اپنی سالگرہ کے موقع پر یوٹیوب چینل متعارف کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اداکارہ کے مرتضیٰ نامی ایک  مداح نے ایڈریس لکھتے ہوئے کہا کہ اگر میں یہاں آپ سے ملنے آؤں تو کیا آپ ملاقات کریں گی؟

صبا نے جواب میں لکھا کہ ’چونکہ میری والدہ کافی سخت ہیں، اس کے لیے آپ کو میری والدہ سے اجازت لینی پڑے گی۔‘

صبا قمر اس سیشن میں اپنے مداحوں کو خوب سراہتی نظر آئیں۔

میک اپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں صبا قمر نے لکھا کہ ’انہیں بغیر میک اپ کے رہنا بے حد پسند ہے۔

آنے والے پروجیکٹس کے بارے میں صبا قمر نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے اپنی فلم کملی کی شُوٹنگ ختم کی ہے، ایک ویب سیریز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ساتھ ہی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ میں بھی اداکاری کریں گی۔

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی  احد رضا میر اور ان کی اہلیہ سجل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ایک صارف نے اداکارہ سے ان کے ’اینٹی ڈپریشن‘ کے بارے میں پوچھا۔

اس سوال کے جواب میں صبا نے لکھا کہ مثبت رہیں ، کتابیں پڑھیں، صحت مند غذا کا استعمال سمیت زیادہ سے زیادہ ورزش کریں تو ڈپریشن کی زندگی میں کوئی جگہ ہی نہیں ہوگی۔

صبا نے نپولین ہل کی کتاب ’Road To Success‘ کو اپنی پسندیدہ کتاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب انہوں نے دو بار پڑھی ہے۔

ایک صارف نے صبا قمر سے موٹیوشنل اسپیکر بننے کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کوئی منصوبہ بندی کریں کیونکہ آپ کا سفر متاثر کُن ہے۔

صبا قمر نے بتایا کہ وہ ذہنی صحت پر لیکچر دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

تازہ ترین