• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی

کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی


 ڈیرہ غازی خان(اے پی پی‘صباح نیوز) کورونا وائرس کے خلاف ”پاکستان قومی ایمرجنسی پلان“ کی منظوری دے دی گئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نےعارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولتوں کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو ڈیرہ غازی خان میں سینٹرل کنٹرول روم میں ایران سے آنے والے زائرین کے لئے قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیااوروہاں انتظامات کا جائزہ لیا اور زائرین سے ان کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر زائرین نے وزیر اعظم کو آگاہ کرتے ہوئے قرنطینہ میں کئے گئے انتظامات اور انتظامیہ کے حسن سلوک پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انتظامیہ کے اہلکار ہمارا بھرپور خیال رکھتے ہیں ۔ 

ہمیں بروقت ادویات ،کھانا،صاف بستر اور دیگر ضروری اشیاءفراہم کی جارہی ہیں‘زائرین نے ” وزیر اعظم عمران خان زندہ باد“ کے نعرے بھی بلند کئے۔

صباح نیوزکے مطابق عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ڈیرہ غازی خان میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پرغور کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے عارضی قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان پر سخت اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔

تمام ادارے اور افسران اپنی خدمات لوگوں کے لیے وقف کردیں اور لوگوں کی خدمت کو ہی اپنا شعار بنائیں جبکہ تمام سرحدی علاقوں سے داخل ہونے والے افراد کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔

تازہ ترین