چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سندھ میں کاروبار بند ہونے پر غریب طبقات کو یقین دلاتا ہوں صوبائی حکومت آپ کو سنبھالے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے آنے والے زائرین میں بڑی تعداد میں کیسز مثبت آئے، سندھ حکومت نے کورونا سے لڑنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب کو مل کر مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ اس وقت تنقید، الزامات اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں ہے۔
کورونا وائرس کے باعث سندھ میں کاروبار کی بندش کی وجہ سے متاثر ہونے والے غریب طبقے کو مخاطب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں سندھ حکومت آپ کو سنبھالے گی اور راشن دے گی۔
انہوں نے کاروباری مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کو نہ نکالاجائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملازمین اگر نہیں بھی آرہے تو بھی ان کو پوری تنخوا دی جائے۔
چیئرمین پی پی پی نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ صوبائی حکومت کی مدد کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وائرس کی وجہ سے جو حال معیشت کا ہوا ہے اس کے لیے بھی وفاق کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بلال بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے چین میں کورونا کے کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی صوبے میں اقدامات کیے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بڑی تعداد میں کیسز تفتان سے آنے والے افراد میں مثبت آئے، تفتان سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیسٹ کرنے کی استعداد کو بڑھانا ہوگا، سماجی طور پر ایک دوسرے کو فاصلے پر رکھنا ہوگا۔