بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی۔
چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کے مزید 12 کیسزسامنے آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 104 ہوگئی ہے، صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے میل جول پرپابندی عائد ہے۔
چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر نے کہا کہ یہ وائرس میل جول سے پھیلتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس بیماری سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے گھروں تک محدود رہیں۔
بلوچستان کےصوبائی وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن اور میل جول میں کمی ہی بہتر طریقہ ہے۔
صوبائی وزیرِ خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دیگر صوبوں کو جانے والی ٹرانسپورٹ پہلے ہی بند کی جا چکی ہے جبکہ انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کو بتدریج روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: آرمی چیف کا فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنےکاحکم
ادھر بلوچستان حکومت کی جانب سے آج سے تمام شاپنگ مال اور مارکیٹس 3 ہفتے کے لیے بند کرنے کے اعلان پر شہریوں کا مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں بیشتر دکانیں بند ہیں، پابندی کےدوران ریسٹورنٹس سے کھانا لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہے۔