راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے،اپنے نامہ نگار سے)کرونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومت کی اپیل پر اتوار کو راولپنڈی شہر بھر میں کارروباری مراکز میں لاک ڈائون رہا۔ٹرانسپورٹ جزوی طور پر چلتی رہی۔میڈیکل سٹورز،کھانے پینے کی دوکانیں پھلوں ،سبزیوں اور دودھ دہی کی دوکانیں بھی جزوی طور پر کھلی رہیں۔مری روڈ،صدر،کمرشل مارکیٹ،کالج روڈ، سٹی صدر روڈ،راجہ بازارکی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ گنجمنڈی کی ہول سیل مار کیٹس مکمل طور پر بند رہیں۔جبکہ گلی محلوں میں چھوٹی دوکانیں کھلی رہیں۔کئی جگہوں پر دوکانیں بند کرانے کیلئے پولیس اور دوکانداروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی،جس پر تاجر رہنمائوں نے احتجاج کیا ہے۔ دریں اثناءکرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے بھی حکومتی ہدایت پر آدھے سے زیادہ سٹاف کو گھر رہنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ دفتر میں کام کرنے والے بعض عملہ کی دو شفٹیں بنا دی گئی ہیں۔راولپنڈی میں کرونا لاک ڈائون کے باعث اتوار کو کمیٹی چوک میں اتوار بازار بھی نہ لگ سکا۔