• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

٭…انسان کی گُفتار سے پہلے اس کے اوصاف کا اندازہ مت لگایا کرو۔

٭…اگر تم کم خوراک پر گزارہ کرنے والے ہو، تو سختی کے دِن آسانی سے گزار سکتے ہو۔

٭…عقل مند آپس میں نہیں لڑتے اور نہ کوئی عقل مند کسی بے وقوف کے ساتھ لڑتا ہے۔

٭…یہ جاہلوں کی نشانی ہے کہ جب ان کی دلیل نہ مانی جائے، تو وہ لڑنے مَرنے پر اُتر آئیں۔

٭… اس سے خاموشی بہتر ہےکہ جب کسی کو ہم راز بناکر کہاجائے، ’’کسی سے نہ کہنا‘‘۔

( عبدالعزیز بلوچ، اورنگی ٹاون، کراچی)

٭٭……٭٭……٭٭……٭٭

ناشُکری

دروازے پر دستک ہوئی اور ساتھ ہی بجلی کا بل اندرآگرا، دیکھا توبہت زیادہ تھا ۔ادائیگی میں بڑی تکلیف ہوئی ،سوچا ہم خرچ ہی کیا کرتے ہیں،رات کو چند انرجی سیورز، اوردو کمروں میں پنکھے ہی تو چلتے ہیں ۔یہی سوچتے سوچتے خداوندکریم کے عطا کردہ چمک دار سورج اور ٹھنڈی ہوا کا شدّت سے احساس ہوا ،سورج کی لوڈ شیڈنگ تو کبھی نہ ہوئی، وقت پر طلوع اور غروب ہونا اس کا معمول ہے اور پھر بادِ نسیم کے نرم جھونکے، ہمیں بلا معاوضہ میسّر ہیں۔پھر بھی ہماری نا شکری کا یہ عالم ہے کہ ہم سے دن میں پانچ بار نماز تک ادا نہیں کی جاتی۔

( مہر منظور جونیئر،ساہی وال،سرگودھا)

٭٭……٭٭……٭٭……٭٭

رات کا آخری پہر

جس گھڑی نصیب سنورتے ہیں،رات کے اُس آخری پہر، کچھ لوگ تکیے پر سر رکھے گہری نیند سورہےہوتے ہیںاور کچھ مصلّے پر سر رکھ کے رورہے ہوتے ہیں۔ سونے والے خُوب صُورت خواب دیکھتے ہیں اور رونے والے خوابوں کی تعبیر پاتے ہیں۔آپ کاروشن، شان دارمستقبل آپ کا منتظر ہے، ممکن ہوتو رات کے آخری پہر اسے پا لیجیے۔

(عاطف خان، لاہور)

تازہ ترین