• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں میں بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، الطاف شاہد

لندن (پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ نااہل،ناکام اوربدنام حکمرانوں کے ہر اقدام میں ابہام ہے۔ حکمران اس نازک وقت میں بھی پاکستانیوں کا مورال بلند کرنے کی بجائے الٹا انہیں مایوس، خوفزدہ اور گمراہ کر رہے ہیں۔ انہیں کسی کام کوڈھنگ سے کرنے کا سلیقہ نہیں آتا۔ عوام دہائیاں دے رہے ہیں، حکمرانو کورونا سے بچائو کیلئے کچھ کرونا، مگر وہ ہاتھ پرہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ چور اپنے زر، زور یا دھونس دھاندلی سے اقتدار تو ہتھیا سکتے ہیں مگروہ قومی وسائل کی حفاظت اور عوام کو ڈیلیور نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم سمیت چاروں وزرائے اعلیٰ میں بروقت ،درست اور دور رس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے سانحات میں بھی ارباب اقتدار و اختیار قومی وسائل پر ہاتھ صاف کرنے سے باز نہیں آتے۔ زمینی و آسمانی آفات کے دوران بھی مصیبت زدگان کا پیٹ نہیں بھرتا جبکہ حکمرانوں کی جیبیں بھر جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے پیشرو وزرائے اعظم کے سیاسی انجام سے کوئی سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں۔ نام نہاد کپتان اور ان کے ٹیم ممبرز کی نااہلی پوری طرح بے نقاب ہوگئی، پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفیٰ کمال اور مرکزی صدر انیس احمد قائم خانی کی قیادت میں ہمارے کارکنان حکمرانوں اور ان کے حواریوں کی نسبت زیادہ موثر اور منظم انداز میں کورونا وبا کیخلاف اپنا تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولے کی ڈنگ ٹپائو اور جگاڑ لگائو منصوبہ بندی کو مسترد کرتے ہیں، کورونا سے نجات کیلئے سنجیدگی اور مستقل مزاجی اشد ضروری ہے۔ 
تازہ ترین