• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وبا ء سے نجات کیلئے دوسرے روز بھی رات گئے اذانیں

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، اپنے رپورٹر سے) پوری دنیا میں دہشت پھیلانے اور جانی و مالی نقصان کا سبب بننے والے کورونا سے نجات کیلئے دوسرے روز بھی راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں رات گئے دس بجے اذانیں دی گئیں۔ مختلف مساجد کے ساتھ ساتھ لوگوں نے اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر اذانیں دیں اور توبہ استغفار کرتے ہوئے اس وبا کو اپنی بداعلامیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ علماء کرام نے مساجد میں درس دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے کورونا کی شکل میں ہمیں توبہ کا ایک موقع فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں سے بالخصوص التجا ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے کی بجائے مخلوق خدا کی مدد کریں۔اپنے رپورٹر سے کے مطابق کرونا وائرس سے بچائو کیلئے بدھ کو بھی رات دس بجے اذانیں دی گئیں۔ ٹیپو روڈ، کشمیر چمن کالونی، ٹینچ بھاٹہ،پیپلز کالونی۔22نمبر چونگی ،بکرامنڈی،دھمیال کیمپ،ڈھوک سیداں، گرجا روڈ،کمیٹی چوک،وارث خان،بنی چوک،فیض آباد،چکری روڈ،صدر بازار،راجہ بازار ،صارق آباد سمیت دیگر جگہوں پر رات دس بجے سے اذانوں کا سلسلہ شروع ہواجس کے بعد کرونا وائرس کےخاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
تازہ ترین