اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ داخلہ کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے حکومت سے فوری طور پر کرفیو لگانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس قومی سلامتی کا مسئلہ ہے‘ اس پر سیاست اور الزام تراشی کوئی کھیل نہیں ہونا چاہئے ،کورونا وائرس قومی سلامتی کا مسئلہ ہے‘ کورونا وائرس پر سیاست اور الزام تراشی کوئی کھیل نہیں ہونا چاہئے‘ ہم سب کو آنے والے ہفتوں میں کورونا وائرس سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ہمیں وائرس سے متاثرہ افراد کو صحت مند افراد سے منقطع کرنے کی ضرورت ہے‘ فقط لاک ڈاؤن حل نہیں کیونکہ اس سے رابطے منقطع نہیں ہو رہے ہیں‘ باقاعدہ کرفیو لگانے کے سوا کورونا وائرس ختم نہیں ہوگا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ آج نہیں تو کل حکومت کو کرفیو لگانا پڑیگا۔ مزید دیر نقصان دہ ہوگی‘ حکومت کو بروقت اقدامات کیلئے 27 فروری کو داخلہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلایا تھا‘ 27 فروری کو ہی حکومت پر کارونا وائرس کیخلاف جامع قومی پلان تیار کرنے کا زور دیا تھا اور ائیرپورٹ و دیگر داخلہ پوائنٹس پر اسکرئنگ و آئسولیشن مراکز قائم کرنے کا کہا تھا‘ پاکستان میں داخل ہوتے ہی ہر مسافر کا ٹیسٹ و آئسولیشن میں رکھنے کی تجویز دی تھی۔