• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے اور وفاق مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرینگے، شاہ محمود

صوبے اور وفاق مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرینگے


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صوبے اور وفاق مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرینگے،بانی ایس آئی یو ٹی ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ کورونا پوری دنیا کے لئے چیلنج ہے،ہمارے ریسرچ یونٹ جدید نہیں اس لئے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے،ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے کہا کہ لاک ڈائون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مرکزی اورصوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں۔صوبے اور وفاق مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے ۔این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔اولین ترجیح یہ ہے کہ ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل اسٹاف کو بھرپور سہولتیں فراہم کریں۔پی سی آرمشینیں آرڈر کردی گئی ہیں ۔ضروری اشیا ئے خوردونوش کی تقسیم ہر صورت ممکن بنائیں گے ۔مذہبی اجتماعات نہیں ہوں گے البتہ مساجد بند نہیں ہوں گی، نمازجمعہ اور باجماعت نمازیں محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔عوام میں آگاہی ہوگی تو کورونا وائرس کی وباسے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔لوگوں کو جان تو پیاری ہے لیکن کورونا وائرس کے خطرے کا درست اندازہ نہیں ۔سعودی حکومت نے پاکستان کوباضابطہ طور پر حج معاہدے کرنے سے روک دیا ہے ۔سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ابھی حالات سنگین ہیں مستقبل میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے گا ۔ بانی ایس آئی یو ٹی ڈاکٹرادیب رضوی نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لئے بڑاچیلنج ہے ۔ہمارے ریسرچ یونٹ جدید نہیں اس لئے ہمیں زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ۔موجودہ صورتحال میں ڈاکٹرز کیلئے کام کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ڈاکٹرزکو ایسے خطرات سے نبردآزماہونے کی ٹریننگ دی جاتی ہے ۔کوشش ہے جتنی زیادہ سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں کریں ۔حکومت سے تعاون حاصل کرررہے ہیں ضرورتیں زیادہ ہیں اوروسائل کم ہیں ۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قوم کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے متحدہے ملک کی قیادت اپنی صلاحیتوں کے مطابق خدمات انجام دے رہی ہے ۔وزیراعظم کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا ہے امید ہے جلد عوام کو بڑا ریلیف ملے گا ۔فی الحال کرفیوسے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔لاک ڈاوٴن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے ۔ممبرامریکن بورڈ آف میڈیسن ڈاکٹر علی رضا نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے والی وبا ہے ۔چین میں کورونا وائرس سے شرح اموات چار فیصد رہی لیکن اٹلی میں شرح اموات دس فیصد،اسپین اورایران میں ساڑھے سات فیصد تک رہی ہے ۔میڈیاکو سنسنی نہیں پھیلانی اور خبر بھی دینا ہے۔جب کسی کوکھانسی کے ساتھ سانس لینے میں تکلیف ہواوربخار بھی ہو تو ڈاکٹرسے رجوع کریں۔البتہ اگر معمرافراد کو کھانسی یا بخار ہوتو انہیں فوری طور پر ڈاکٹر سے معائنہ کرانا چاہئے ۔ سی ای اوانڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاوٴ کیلئے ایک دوسرے سے ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں ،ہاتھ نہ ملائیں ،گلے نہ ملیں کیوں کہ اس طرح جراثیم منتقل ہوتے ہیں۔عوام گھروں میں رہیں یہی کورونا وائرس سے بچنے کاواحد راستہ ہے ۔احتیاط نہ کی گئی تو مریضوں کی تعداد ہزار سے لاکھوں میں جاسکتی ہے ۔ماہر نفسیات ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ عوام ہر لمحے کورونا وائرس کی خبریں سنتے ہیں اس لئے ذہنی صحت پر بھی اثر پڑھتا ہے ۔غیریقینی صورتحال یاغلط معلومات ذہنی دباوٴ میں مزید اضافے کاباعث بن سکتی ہے۔ عوام یہ بھی سوچیں کہ کورونا کے 90فیصد سے زیادہ افراد صحتیاب ہوجاتے ہیں کوروناوائرس کیخلاف دن رات لڑنے والے ڈاکٹرز کو سیاسی سماجی شوبزستارو ں اور کھلاڑیوں نے خراج تحسین پیش کیا ۔سینیٹرفیصل جاوید،میئرکراچی وسیم اختر،مصطفیٰ کمال،طلال چوہدری ،شاہدآفریدی ،اعصام الحق ،بشراانصاری،جاوید شیخ ،گلوکارفاخر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہمارے بہترکل کیلئے آج اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں ان کی قربانیوں کاپوری قوم کوادراک ہے ۔

تازہ ترین