آپ آف لائن ہیں
پیر2شوال المکرم1441ھ25؍مئی 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

کراچی کے 2 بڑے اسپتالوں کے 4 ڈاکٹر کورونا سے متاثر

آغاخان اسپتال کراچی کے 3 ڈاکٹر جن میں ایک سرجن اور ایک ریڈیولوجسٹ بھی شامل ہیں کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں جبکہ لیاقت نیشنل اسپتال کے ایک ریڈیولوجسٹ میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

آغا خان اسپتال کراچی کے حکام نے بتایا ہے کہ اسپتال کے عملے کے 3 افراد جن میں ایک سرجن اور ایک ریڈیولوجسٹ شامل ہیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد اسپتال نے کورونا وائرس کے مریضوں کی اسکریننگ اور مزید مریض داخل کرنے کا عمل روک دیا ہے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کے ایک اہم عہدے دار کے مطابق ان کے سرجن اور ریڈیالوجسٹ کو کورونا وائرس ایسے مریضوں سے لگا جو کہ مشتبہ مریض نہیں تھے اور انہیں عام مریضوں کی طرح ٹریٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 مختلف ڈیپارٹمنٹس میں عملے کے افراد متعدی بیماری کا شکار ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عملے کے افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد انتظامیہ نے سو سے ڈیڑھ سو لوگوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا ہے جبکہ اس وقت اسپتال میں عملے کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اس وقت بیرونی مریضوں کی اسکریننگ اور انہیں داخل کرنے کا عمل معطل ہے، اس وقت اسپتال آنے والے ہر مریض کو کورونا کا مشتبہ مریض تصور کیا جارہا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں اور عملے کے افراد کو آپس میں بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ہر مریض کا معائنہ کرتے وقت پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹ کا استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ آغا خان اسپتال کے کریم آباد میں واقع ذیلی اسپتال کو کورونا وائرس کے کنفرمڈ مریضوں کے علاج کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب 490 کورونا کیسز کیساتھ سندھ سے آگے

اسپتال کی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں آغا خان اسپتال کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی سہولت کے لیے ہوم ٹیسٹنگ سروس شروع کرنے جا رہا ہے جس کے بعد مشتبہ مریض فون کر کے اپنے ٹیسٹ کے لیے آغا خان لیب کے عملے کو بلوا سکیں گے جو ان کا سیمپل حاصل کر کے لیب لے جائے گا اور ٹیسٹ کا رزلٹ آن لائن جاری کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب لیاقت نیشنل انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایک ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور وہ اپنے گھر پر آئسولیشن میں ہیں۔

لیاقت نیشنل انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر تبلیغی اجتماع میں گئے ہوئے تھے اور واپس آنے کے بعد انہوں نے اسپتال کو جوائن کیا لیکن پہلے ہی دن گلے میں تکلیف اور دیگر علامات کی بنیاد پر جب ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ کورونا پوزیٹو نکلے۔

لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ اسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے عملے کے 7 افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔