کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد میں جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے، آج بھی سڑکیں سنسان اور بازار ویران رہے۔
وفاقی دارالحکومت کے شہریوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد میں جزوی لاک ڈاون کا ساتواں دن تھا، شہر کے تمام بازار اور سڑکیں ویران تھیں، انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی۔
حکومتی احکامات اور احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے زیادہ تر شہریوں نے اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھا اور کسی ناگزیر وجہ کے باعث ہی باہر نکلے۔
جہاں حکومت کی جانب سے شہر اقتدار میں لاک ڈاؤن جاری ہے، وہیں دیہاڑی دار طبقے کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا۔
شہری کہتے ہیں کہ ایسے لوگوں کا بھی خیال رکھنا صاحب استطاعت افراد کا مذہبی و اخلاقی فرض ہے۔
اسلام آباد اور راول پنڈی کے بازاروں میں صرف ادویات اور اشیاخور و نوش کی دکانیں کھلی رہیں جبکہ جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس اور پبلک ٹراسپورٹ مکمل طور پر معطل ہے۔