• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس 199 ممالک تک پہنچ گیا


کورونا وائرس نے دنیا پر پنجہ گاڑ دیا، 199 ملکوں میں پھیل گیا، جہاں 6 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کو اپنا شکار بناچکا ہے جبکہ 32 ہزار 777 سے زیادہ زندگیاں لے گیا۔

امریکا میں کورونا وائرس سے 2 ہزار 2 سو 36 اموات ہوچکیں، ایک لاکھ 24  ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس سے اٹلی میں 10 ہزار سے زائد زندگیاں جاچکیں، اسپین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 838 افراد جان سے چلے گئے، مجموعی اموات کی تعداد 5 ہزار 500 سے اوپر ہوگئی ہے۔

ایران میں وائرس نے 123 افراد کی زندگی چھین لی، مریضوں کی تعداد 38 ہزار ہوگئی۔

برطانیہ میں وائرس ایک ہزار سے زیادہ زندگیاں نگل گیا، 17 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ فرانس میں 2 ہزار 314 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

ایک ہولناک سناٹے نے دنیا کو لپیٹ میں لے رکھاہے، جن شہروں میں زندگی مسکراتی تھی، وہاں اب خوف کے سائے ہیں، دسمبر کےآخری ہفتے سے منڈلانے والے کورونا وائرس نے اب کرہ ارض پر اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں، ایک سو 99 ملکوں میں نظر نہ آنے والے اس دشمن نے اب تک 6 لاکھ 83 ہزار افراد کو اپنا شکار بنایا ہے، 32 ہزار سے زائد زندگیوں کوموت کی گھاٹیوں میں دھکیل دیا ہے۔

ترقی پذیر ہوں یا ترقی یافتہ ہر ملک میں موت سے زندگی کی جنگ جاری ہے، امریکا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار سے اوپر جاچکی ہے تو یورپ میں 20 ہزار افراد وائرس کے ہاتھوں زندگی ہار چکےہیں، صرف اٹلی میں ہی اموات کی تعداد 10 ہزار کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔

برطانیہ، اسپین، فرانس، بیلجیم، نیدر لینڈز ہر ملک بے بسی اور بے کسی کی تصویر بن چکاہے، نہ کوئی علاج دریافت ہوسکا ہے نہ ہی کسی ویکسین کا تجربہ حتمی طور پرکامیاب ہوا، صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ گھر بیٹھ کر کسی نہ کسی طرح خود کوبچایا جائے، کیونکہ باہرنکلے تو کورونا آپ کے ساتھ گھر کے اندرآجائے گا۔

تازہ ترین