لندن (جنگ نیوز) دنیائے ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلم اور سب سے معتبر ٹورنامنٹ ومبلڈن چیمپیئن شپ بھی کورونا وائرس کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے، یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلا موقع ہے جب یہ اہم ترین ٹورنامنٹ منسوخ کرنا پڑا۔ اس سے قبل فرنچ اوپن کو ملتوی کرکے رواں سال ستمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ومبلڈن گرینڈ سلم ٹینس اس سال نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے بھی ٹورنامنٹس کی معطلی میں اضافہ کردیا ہے اور اب تمام پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس 13 جولائی تک معطل رہیں گے۔ اس سے قبل اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے مقابلے 8 جون تک معطل کیے تھے۔ دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن 29 جون سے 12 جولائی تک لندن میں شیڈول تھا البتہ آل انگلینڈ کلب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ منسوخ ہونا ناگزیر ہے۔