• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا آبادیوں کو نگلنے لگا، یورپ اور امریکا میں تباہی

کورونا آبادیوں کو نگلنے لگا، یورپ اور امریکا میں تباہی


تہران،پیرس، واشنگٹن(اے ایف پی ، خبرایجنسیاں، جنگ نیوز)کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 10لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ ہلاکتیں بھی 50ہزار ہوگئی ہیں۔ 

وائرس سے امریکا، اٹلی، اسپین، جرمنی، فرانس سمیت کئی ترقی یافتہ ممالک میں صورتحال بدترین ہوتی جارہی ہے،24گھنٹے کےدوران امریکا میں ایک ہزار، اسپین950، برطانیہ569، فرانس 471اور ایران میں 124اموات ریکارڈ کی گئیں، ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ 

تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا کی آدھی سے زائد آبادی اپنے گھروں میں قید ہے، صرف امریکامیں 85 فیصد آبادی اپنے گھروں میں ہے۔

اس کے باوجود یہ وائرس تیزی سے پھیلتا جارہا ہے اوراب تک 10لاکھ سے زائد افراد کومتاثر کرچکا ہے جبکہ 50ہزار تک ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں،صرف امریکا میں متاثرین کی تعداد2لاکھ 30ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے ساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 5ہزار 300 سے تجاوز کرگئیں۔

امریکامیں بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئےصدر ٹرمپ نےکہاکہ صورتحال خوفناک ہوسکتی ہے۔یورپ میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ملک اٹلی ہے جہاں متاثرین کی تعدا دایک لاکھ 10ہزار سے تجاوز کرگئی اور 13ہزار 200سے زائد ہلاکتیں دیکھی گئی ہیں۔

وائرس سے دوسرا سب سے زیادہ متاثر ملک اسپین ہےجہاں متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب تک ایک لاکھ 10ہزار سے زائد کورونا مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ10ہزار سے زائد اموات ریکارڈ ہوچکی ہیں صرف گزشتہ روز اسپین میںریکارڈ 950ہلاکتیں دیکھی گئیں۔

یورپ میں کورونا سےتیسرا سب سے متاثرملک جرمنی بن چکا ہے جہاں مریضوں کی تعداد73ہزار522 ہوگئی ہے جبکہ 872اموات دیکھی گئی ہیں، جرمنی جو یورپ کی سب سے بڑی معیشت کا حامل ملک ہے ، یہاں حکومت کی جانب سے دکانیں، اسکولز بند ہیں جبکہ 2 افراد سے زائد کے ایک ساتھ جمع ہونے پر 19اپریل تک پابندی ہے۔

یورپ کا چوتھا سب سے زیادہ متاثر ملک فرانس ہے جہاں اب تک4 ہزار 500اموات دیکھی گئیں، صرف گزشتہ روز 471ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، ملک میں متاثرین کی کل تعداد 57ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

بیلجیئم کی صورتحال بھی دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور اب تک ایک ہزار ہلاکتیں سامنےآچکی ہیں جبکہ 15ہزار 350کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ 

برطانیہ میں 24گھنٹے کےدوران 569 اموات سامنے آئیںجس کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2921 تک جاپہنچی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 33ہزار 718ہوگئی ہے۔ 

ادھر چین میں جہاں کورونا کے ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھی اب وہیں 6 لاکھ کی آبادی پر مشتمل ایک شہر کو لاک ڈائون کردیا گیاہے،اس شہر کا دورہ کرنیوالی ایک خاتون میں کورونا مثبت آیاتھا۔ 

تھائی لینڈ نے بھی کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں رات میں 6گھنٹے کےدوران کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے، اس وقت تک ملک میں 1800کورونا مریض سامنے آچکے ہیں۔

روسی صدر پیوٹن نے بھی کورونا کی عالمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں کام نہ کرنے کے دورانئے میں رواں ماہ کے آخر تک توسیع کردی ہے اور کہاکہ ہر شہر اپنے لحاظ سے لاک ڈائون کے اقدامات کرلے۔ 

ادھر عالمی ادارہ صحت کے یورپی برانچ کے سربراہ ہنس کلوگے نےکورونا سے کئی نوجوانوں کی ہلاکت کےبعد خبردار کیاہےکہ وائرس بچوں کو بھی متاثر کررہا ہے،یہ خیال ’’کہ وائرس صرف معمر افراد کو متاثر کر رہا ہے ‘‘غلط ہے ۔ 

ادھر آسٹریلیا میں بھی کورونا ویکسین کا لیبارٹری ٹیسٹ شروع کردیا گیاہے۔انڈونیشیا نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 18ہزار قیدی رہا کردیے ہیں۔ 

کورونا وائرس کے باعث تقریباً ڈھائی لاکھ یورپی شہری یورپ سے باہر پھنسے ہوئے ہیں،اس سلسلےمیں یورپی یونین رکن ممالک کے شہریوں کی مدد کررہی ہے جبکہ کچھ دیگر ممالک جیسے برطانیہ، ناروے اورآئس لینڈ بھی ان ممالک کے شہریوں کو وطن واپسی میں مدد کررہے ہیں۔ 

ایران میں گزشتہ روزمزید 124ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد3ہزار 160 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 50ہزارسے تجاوز کرگئی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس سے اسپیکر پارلیمنٹ بھی محفوظ نہ رہ سکے ، سرکاری خبررساں ادارے کےمطابق علی لاریجانی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد انہیں قرنطینہ کرکے علاج شروع کردیاگیاہے۔

تازہ ترین