• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت سیاست کا نہیں،سب کو مل کر مشکل سے نمٹنا ہے، مئیر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف جو کورونا وائرس کے حوالے سے اسپتالوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں نہ صرف ہم سراہتے ہیں بلکہ ان کے لئے ہر طرح کی ذمہ داریوں کو بھی پورا کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف کے لئے الخدمت کی جانب سے ملنے والے 150 حفاظتی لباس اور کٹس کی تقسیم کے موقع پر کیا ۔ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، ڈائریکٹر ریلیف الخدمت قاضی صدر الدین، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز سلمیٰ کوثر، ایم ایس عباسی شہید ڈاکٹر ندیم راجپوت اور کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس بھی اس موقع پر موجود تھے،میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے بقایا جات کی ادائیگی اور تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے کے لئے فنڈز مہیا کئے جائیں، میئر کراچی نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ سب کو مل کر اس مشکل وقت سے نمٹنا ہے، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سب ایک ہی حکمت عملی پر کام کریں گے تو اس مسئلہ سے نکل سکیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی پر آبادی کا بے انتہا دباؤ ہے اس دباؤ کے باعث اسپتالوں کو 24 گھنٹے فعال رکھنا ضروری ہے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو شاباش دیتا ہوں کہ وہ مشکل وقت میں اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دے رہے ہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت میئر کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم سب کراچی کیلئے ایک پیج پر ہیں میئر کراچی کو جس طرح کی بھی ضرورت ہو الخدمت کو اپنے ساتھ پائیں گےاس موقع پر الخدمت کے تعاون سے عباسی شہید اسپتال کے مختلف وارڈز اور احاطوں میں جراثیم کش اسپرے بھی کیاگیا۔
تازہ ترین