• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آ باد میں مزیدتین جراثیم کش واک تھرو گیٹ نصب

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں شہر میں مزیدتین جراثیم کش واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سی ڈی اے کے تعاون سے دو واک تھرو گیٹ یوٹیلٹی سٹور G-9میں لگائے ہیں جہاں لوگوں کی بڑی تعداد روزمرہ کی کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے لیے آتی ہے۔ واک تھرو گیٹ کی تنصیب اور انکو آپریشنل کرنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یہ جراثیم کش واک تھرو گیٹ یوٹیلٹی سٹور کی انتظامیہ کے حوالے کر دیئے ہیں۔ ان جراثیم کش واک تھرو گیٹس سے گذرنے کے بعد وائرس اور دیگر جراثیم کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس ضمن میں ترلائی پناہ گاہ کے باہر ایک جراثیم کش واک تھرو گیٹ ڈونرز کے تعاون سے نصب کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ابتدائی طور پر 20 جراثیم کش اسپرے والے واک تھرو گیٹ لگا نے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت سبزی منڈی اور جی نائن میں یوٹیلٹی سٹور پر ان گیٹس کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پاک سیکرٹریٹ میں بھی دوجراثیم کش واک تھرو گیٹس لگانے کا کام جاری ہے۔مزید برآں چیف کمشنر آفس نے این ڈی ایم اے اور سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں جراثیم کش اسپرے کرنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ یہ جراثیم کش اسپرے پورے سیکٹر بشمول مساجد، مارکیٹ، مراکز اورOGDCL قرنطینہ سینٹر سمیت دیگر مقامات پر کیا گیا۔ اس مہم میں سول سوسائٹی، تاجروں اور دیگر لوگوں نے بھی حصہ لیا۔
تازہ ترین