• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس: پاک بحریہ مقامی لوگوں کی مدد میں پیش پیش

 کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال کے سبب پاک بحریہ ضرورت مند خاندانوں کی امداد میں مصروف عمل ہے، پاک بحریہ مختلف مخیر ایسوسی ایشنز کے ساتھ متعدد شہروں میں مقامی لوگوں میں راشن تقسیم کر رہی ہے۔

اب تک ہزاروں راشن کے تھیلے کم آمدن والے خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

علاوہ ازیں راشن کے تھیلے کراچی کے مختلف کینٹس اور سندھ پولیس کو دیے گئے، جنھوں نے اسے مختلف علاقوں کے ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا۔

پاک بحریہ نے 32 ٹن راشن کراچی کے شمس پیر کے جزیرے کے ماہی گیروں میں تقسیم کیا۔

پاک بحریہ مختلف رہائشی علاقوں میں بنیادی اشیائے خورونوش سبسڈائزڈ نرخ پر فراہم کر رہی ہے۔

مزید برآں، ساحلی اور کریکس کے دور دراز علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پرفوڈ ریلیف کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جن علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے ان میں بلارا، غازی بیل، پٹھان گوٹھ، کاپر، سربندار، گانز، لال بستی، دامب اور تھییم گوٹھ شامل ہیں۔

 مقامی این جی او کے تعاون سے پاک بحریہ نے ضلع بدین اور اس کے مضافات میں جمعہ ملاہ گوٹھ، حاجی بچل سومرو گوٹھ، کنبھر محلہ گوٹھ اور جاتی کے کچھ دوسرے دیہاتوں میں بڑی تعداد میں راشن بیگ تقسیم کیے۔

اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی ضرورت مند خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، جبکہ لاہور کے دیہی شہروں / دیہاتوں میں راشن تقسیم کرنے کے لیے ہزاروں کلوگرام راشن یونین کونسلر کوٹ رادھا کشن کے حوالے کردیا گیا۔

پاک بحریہ پاکستان بھر میں انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔

تازہ ترین