• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس :پرزن سٹاف کے دو ارکان کا وباسے انتقال

لندن (پی اے) پرزن آفیسرز ایسوسی ایشن (پی او اے) نے بتایا ہے کہ نارتھ لندن میں پینٹن ولے پرزن پر سٹاف کے دو ارکان کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ بوول پیٹر اورپیٹرک بیک فورڈ سپورٹ سٹاف کی حیثیت سے پرزن پر کام کر رہے تھے۔ پی او اے کے مطابق دونوں کی عمریں 60 سے زائد تھیں اور طبی مسائل درپیش تھے۔ پی او اے چیئرمین مارک فیئر ہرسٹ نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شخص کو افسوسناک اموات پر صدمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جیل میں دونوں کی بہت اہمیت تھی۔ مسٹر پیٹر کو سٹاف کا ایک انتہائی تجربہ کار ممبر سمجھا جاتا تھا جوکہ پرزن پر آپریشنل سپورٹ گریڈ میں کام کر رہے تھے، ان کی موت اس ہفتہ کے ابتدائی دنوں میں کوویڈ۔19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہوئی۔ مسٹر فیئرہرسٹ کا کہنا تھا کہ مسٹر پیٹر کی موت سے میں اس حقیقت پر روشنی ڈالنا چاہتا ہوں کہ اس نے ہم سب کو خدشات میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہم فرنٹ لائن پر رہتے ہوئےسوسائٹی کی جانب سے ایک قابل تعریف جاب پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے ساتھیوں کی جانب سے میں ان کی کمی محسوس کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ دو سٹاف ارکان کی موت کا علم ہونے پر ساتھیوں نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پرزن سروس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
تازہ ترین