• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، امریکا، برطانیہ، پاکستان سمیت دنیا کا گراف اوپر، جرمنی، اسپین، ایران میں کمی، سخت ترین ہفتے میں داخل ہوگئے، ٹرمپ

کورونا وائرس، امریکا، برطانیہ، پاکستان سمیت دنیا کا گراف اوپر


لندن، واشنگٹن،پیرس(اے ایف پی، خبرایجنسیاں، جنگ نیوز) کورونا وائرس کا امریکا ، برطانیہ، پاکستان سمیت دنیا میں گراف اوپر جبکہ جرمنی ، اسپین، ایران میں نئے آنے والے کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم صورتحال ابھی بھی کوئی اچھی نوید نہیں سنا رہی، امریکی صدر ٹرمپ نے کہاہےکہ سخت ترین ہفتے میں داخل ہورہے ہیں۔

ادھر برطانیہ میں غربت بڑھنے لگی، بنگلہ دیش نے معیشت کو سہارا دینےکیلئے اقتصادی پیکیج کا اعلان کیاہے، یو اے ای نے 70ارب ڈالرز مختص کر دیئے ہیں، ایران نے 11اپریل سے کچھ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیاہے۔

ادھردنیا بھر میں کورونا کیسز ساڑھے 12لاکھ ، ہلاکتیں 68 ہزارتک پہنچ گئیں، نیو یارک میںبدترین صورتحال ہے جہاں گزشتہ روز بھی کئی نئے کیسز سامنےآئے اور ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

دوسری جانب سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کاکہناہےکہ کووِڈ 19صرف صحت کے عالمی نظام کے لیے خطرہ نہیں انسانی جذبے کا امتحان بھی ہے۔تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس کے باعث برطانیہ میں غربت بڑھنے لگی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں تقریباً ایک کروڑ 40لاکھ افراد غربت میں زندگی گزار رہے ہیں جو آبادی کے تقریباً ایک چوتھائی کے برابر ہیں، تقریباً 42لاکھ بچے غریب ہیں جو کہ مجموعی کے 30فیصد کے برابر ہیں،برطانیہ میں لاک ڈائون کے باعث صورتحال مزید خراب ہوتے جارہی ہے کیوں کہ لوگوں کی ملازمتیں ختم ہورہی ہیں۔

گزشتہ 15 روز کے دوران تقریباً10لاکھ لوگوں نے حکومت سے امداد کیلئے درخواست دی ہے، یہ تعداد کسی بھی اس دورانیے کے لحاظ سے 10گنا زیادہ ہے۔

ادھر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ امریکا خوفناک ترین ہفتے میں داخل ہونےوالا ہے ،کیوںکہ اس دوران بڑی تعداد میں اموات ہو سکتی ہیں، اس موقع پرانہوں نے یہ بھی کہا امریکا ہمیشہ لاک ڈائون نہیں رہ سکتا،ہم امریکا کو تباہ نہیں کرسکتے۔

امریکا میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے اور اب تک 3لاکھ 12 ہزارسے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہےجبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر ساڑھے 8 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔

کورونا سے امریکا میں سب سے زیادہ تباہ کاریاں نیو یارک میں دیکھنے کو ملیں جہاں گزشتہ روز مزید 594افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 4ہزار200 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعدادبھی ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش نے بھی معیشت کو سہارا دینے کیلئے 8.5ارب ڈالرز کا پیکیج دینے کا اعلان کردیا ہے،حسینہ واجد کاکہناہےکہ مذکورہ رقم سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے مینوفیکچررز اور چھوٹی و درمیانے درجے کی کمپنیوں کو کم شرح سود کے قرضوں پر دی جائیگی۔

متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے کہاہےکہ وہ معیشت کو سہارا دینے کے اعلان کردہ پیکیج کی رقم کو دگنا کرکے 70 ارب ڈالرز کے برابر کر رہا ہے۔

ایران نے 11اپریل سے کم خطرے پر مبنی معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیاہے،ایران میں مسلسل پونچویں روز کورونا کیسز شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ ان معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا مقصد یہ نہیں کہ ہم گھر میں رہنے کی ہدایات کو ختم کر رہے ہیں، پابندیوں کا اطلاق اسکولوں اور بڑے اجتماعات پر رہے گا۔

برازیل میں کیسز کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کرنے پر کانگریس کے ایوان ذیلی میں کورونا وائرس سے متعلق اخراجات کو حکومتی بجٹ سے علیحدہ کرنے اور معیشت کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ’جنگی بجٹ‘ منظور کرلیا گیا،اس بجٹ کو اب بھی سینیٹ سے منظور کیا جانا باقی ہے جو آئندہ ہفتے ہوگا۔

پرتگال میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ سرکاری ڈیٹا میں بتایا گیا کہ 5 لاکھ افراد اس وبا کی وجہ سے عارضی طور پر بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

غیرملکی خبررساںادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر صحت مارٹا تمیدو کا کہنا تھا کہ ’یہ لڑائی 100 میٹر کی ریس نہیں بلکہ ایک طویل میراتھن ہے‘۔انہوں نے شہریوں سے اس لڑائی میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’اب بھی سرنگ کے دوسری جانب کوئی روشنی دکھائی نہیں دے رہی‘۔

اردن حکومت نےملک میں نافذ کرفیو کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں کا سہارا لینے کا اعلان کیاہے۔ ادھردنیا بھرمیں کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد ساڑھے 12لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ 68ہزار ہلاکتیں دیکھی گئی ہیں تاہم اسپین میں ہونیوالی ہلاکتوں کی شرح میں مسلسل چوتھے روز کمی دیکھی گئی.

اسپین میں گزشتہ 24گھنٹے کےدوران مزید 674اموات سامنے آئیں جس کےساتھ ہی مجموعی تعداد 12ہزار 418 ہوگئیں،ملک میں کیسز کی تعداد میں 4.8فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 759ہوگئی،ملک میں اب تک صحتیاب ہونیوالے افراد کی تعداد 38ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ 

اٹلی میںبھی24 گھنٹے کےدوران 525ہلاکتیں دیکھی گئیں، جس کے ساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 16ہزار تک پہنچ گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی ایک لاکھ 25ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید621اموات کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد5ہزار تک پہنچ گئی ۔اس حوالے سے برطانوی وزارت صحت نے بتایا کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 95 ہزار 5 24 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 47ہزار 86مثبت آئے ہیں۔

ادھر جرمن حکومت کے رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق جرمنی میں لگاتار تیسرے روز کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں جرمنی میں 5ہزار 936کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد91ہزار 714ہوگئی۔

ادھر سنگاپور کی وزارت صحت نے ایک روز میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 120 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔گزشتہ روز سنگاپور میں کورونا وائرس کے 75 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد 5 اپریل کو اس شرح میں 60فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

فلپائن کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتوں اور وائرس کے نئے152کیسز کی تصدیق کی ہے۔وزارت صحت نے ڈیلی بلیٹن میں کہا کہ فلپائن میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 246جبکہ اموات کی تعداد152 ہوگئی ہے۔

ایتھوپیا میں بھی کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے،جنوبی سوڈان کی حکومت نے بھی ملک میں پہلا کوروناکیس سامنے آنے کااعلان کردیا ہے،وائرس 29 سال کی ایک خاتون میں پایا گیاہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوگئے،جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں نوول کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 6 سو 15 ہوگئی ہے ۔

تازہ ترین