پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ بھارت میں پابندی کے باجود وہاں کے مداحوں نے خوب پیار دیا جس کا ایک ثبوت بھارت کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈ ’UnBanAtifAslam‘ تھا ۔
راک اسٹار سے ایک حالیہ انٹرویو میں کیا گیا سوال کہ موجودہ بحران اُن کے میوزک کیرئیر کو کس طرح نقصان پہنچا رہا ہے تو اس کا جواب دیتے ہوئے عاطف اسلم نے فلسفیانہ گفتگو کا آغاز کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں دنیا رک چکی ہے، ہر کاروبار لاک ڈاؤن کا شکار ہے، لوگ مساجد میں نماز نہیں پڑھ سکتے، مسلمانوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے کی پابندی ہے جو تمام مسلمانوں کے لیے سب سے مقدس شہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اگر مجھے کوئی فکر ہے تو وہ یومیہ اجرت لینے والوں کی ہے، مجھے یہ پریشانی لاحق ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کی مدت بڑھتی ہے تو ان کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگا۔
عاطف اسلم نے فرنٹ لائن پر لڑنے والے تمام ڈاکٹرز کے لیے بھی پریشانی کااظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈاکٹرز خراج تحسین کے مستحق ہیں، دنیا میں اپنے ملک کی بقا کو یقینی بنانے کے لیے ڈاکٹروں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔
37 سالہ گلوکار کا مداحوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’پرستار ہمیشہ ہی میرے حوالے سے تشویش میں رہتے ہیں، وبائی مرض کے دنوں میں مجھے ہزاروں کی تعداد میں پیغامات موصول ہوئے جس میں خیریت دریافت کی گئی تھی، اور پوچھا گیا تھا کہ کیا میں محفوظ مقام اور ملک میں ہی موجود ہوں۔‘
عاطف کا کہنا تھا کہ میری فین فالونگ پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ دنیا بھر کے لوگ مجھے پسند کرتے ہیں، میں بھی ان کی دل سے قدر کرتا ہوں کہ پرستاروں نے ہی مجھے یہاں تک پہنچایا۔
بالی ووڈ کے حوالے سے سوال کہ کیا بھارت میں پابندی عائد کیے جانے سے عاطف کی شہرت میں کمی اور منافع بخش ذریعہ آمدنی میں کوئی فرق پڑا ؟ اس کا جواب دیتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ بھارت میں پابندی سے ان کی شہرت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ شہرت میں مزید اضافہ ہوا کہ وہاں کے پرستاروں نے پابندی ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب اُن کا گانا فلم’نوٹ بُک‘ کے ساؤنڈ ٹریک سے ہٹادیا گیا تھا تو پرستاروں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی تھی ۔
آمدنی کے حوالے سے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ ’جتنا آپ کو ملنا ہو، مل کر رہتا ہے، کوئی اسے چھین نہیں سکتا۔‘
کوک اسٹوڈیو میں ریکارڈ توڑ شہرت حاصل کرنے والے عاطف اسلم کی آواز میں دو صوفی کلام ’تاجدار حرم‘ اور ’وہی خدا ہے‘ اور حال ہی میں عاطف کی آواز میں ’اذان‘ کے سامنے آنے کے بعد سے ہی گلوکار کا نیا چہرہ سب سے کے سامنے آیا ہے کہ گزشتہ سال انہوں نے حج کی سعادت بھی حاصل کی تھی۔
اس حوالے سے کئے گئے ایک سوال میں عاطف نے بتایا کہ گزشتہ سال کیا گیا حج ان کا دوسرا حج تھا، گلوکار نے کہا کہ میرے اندر اچانک سے کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ میں ہمیشہ ہی دنیاوی لذتوں سے بھاگتا آیا ہوں، سکون کی تلاش میں حق کی کھوج لگانے کی کوشش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں سب سے ضروری یہ ہے کہ شہرت ، عزت دولت سے اللہ نوازے تو ایسے وقت میں پاؤں زمین پر ہی رکھیں، کیونکہ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا ، کیا پتہ مستقبل میں میرے پاس کوئی کام نہ ہو اور ایسی صورت میں زندہ رہنے کے لیے حقیقت پر چلنا ہی واحد راستہ ہے۔
از خود تنہائی کے دنوں کے بارے میں بتاتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ وہ آج کل نوزائیدہ کے ساتھ وقت گزارر ہے ہیں، انہوں نےبتایا کہ وہ گزشتہ سالوں میں ایک مشین کی طرح کام کرتے رہے ہیں ، گھر میں بچوں کے ساتھ وقت گزار کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
دوسری جانب حال ہی میں سامنے آنے والی عاطف اسلم کی آواز میں اذان نے بھی ان کے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
عاطف اسلم کی جانب سے اردو ذیلی ترجمے کے ساتھ شیئر کی گئی اذان کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم کبھی بھی مداحوں کو مایوس نہیں کرتے۔
صارفین عاطف اسلم کے اس اقدام پر انہیں لیجنڈ قرار دے رہے ہیں۔