• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سُپر مارکیٹس میں دستانے پہننا خطرناک ہے‘، بھارتی ڈاکٹر


بھارتی نژاد برطانوی ڈاکٹر کرن راج نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو کے ذریعے یہ بتادیا کہ سُپر مارکیٹس میں دستانوں کا استعمال کیوں نہیں کرنا چاہیے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر دُنیا بھر میں لوگ ماسک اور دستانوں کا استعمال کررہے ہیں تاکہ اِس وائرس سے بچا جاسکے لیکن ایک بھارتی نژاد برطانوی ڈاکٹر نے اِس بات کا انکشاف کیا ہے کہ سُپر مارکیٹس میں دستانوں کا استعمال کرنا ہمارے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

بھارتی نژاد برطانوی ڈاکٹر کرن راج نے میوزک سوشل ایپ ٹک ٹاک پر اپنی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’آپ سُپر مارکیٹس جاتے ہیں اور وہاں کا عملہ آپ کو دستانے مہیا کرتا ہے تاکہ آپ کورونا جیسے وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔‘

ڈاکٹر کرن راج نے کہا کہ ’آپ اُن دستانوں کو پہن کر اپنی شاپنگ شروع کرتے ہیں اور پھر آپ ایک کے بعد ایک چیز کو ہاتھ لگاتے ہیں اور اِس طرح آپ کے دستانوں پر ڈھیر سارے جراثیم جمع ہوتے جاتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُن ہی ہاتھوں سے آپ اسٹیئرنگ ویل کو بھی ہاتھ لگاتے ہیں اور پھر غلطی سے آپ وہی جراثیم سے بھرے دستانے والے ہاتھ اپنے چہرے پر بھی لگا لیتے ہیں اور اِس طرح یہ وائرس آپ کے جسم میں منتقل ہوجاتا ہے۔‘

ڈاکٹر کرن راج نے کہا کہ ’اگر آپ کورونا کے جراثیم سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ آپ سُپر مارکیٹس میں دستانوں کا استعمال نہ کریں اور اپنے ہاتھوں کو بار بار اچھی طرح صابن اور پانی کی مدد سے دھوئیں تاکہ آپ جراثیم سے پاک رہ سکیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’باقاعدگی سے ہاتھ دھو کر ہی ہم اِس وبا سے بچ سکتے ہیں اور اگر ہم باقاعدگی سے دستانوں کا استعمال کریں گے تو شاید ہم اِس وائرس کا باآسانی شکار بھی ہوسکتے ہیں۔‘

تازہ ترین