• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد 986 ہوگئی، مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کے آج مزید 54 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جن کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 986 ہوگئی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک 9 ہزار585 ٹیسٹ کئے تھے جبکہ آج مزید 634 ٹیسٹ کیے ہیں، کُل ٹیسٹ کی تعداد 10ہزار 219 ہے ۔

مراد علی نے کہا ہے کہ آج کورونا وائرس کی مزید 54 افراد میں تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد 986 ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 253 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ آج مزید 16 صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس موذی بیماری کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 269 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور ہلاکت کے ساتھ تعداد 18ہوگئی ہے جبکہ 396 مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں اور 206 کورونا کے مریض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آئیسولیشن سینٹرز، سی سی یو، آئی سی یو کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر عبدالقادر کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقادر کا ٹیسٹ 28 مارچ کو مثبت آیا تھا اور وہ 31 مارچ کو اسپتال داخل ہوئے تھے جبکہ 6 اپریل کو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو مالک حقیقی سے جا ملے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقادر کے خاندان اور ڈاکٹر برادری سے تعزیت کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز فرنٹ لائن فائیٹرز ہیں اور ان کو ضروری لباس دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم ڈاکٹروں کو پرسنل پروٹیکشن اکیومینٹس کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین