کورونا وائرس کے شکار برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن ابھی بھی لندن کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کی طبیعت بہتر ہے، ڈاکٹرز ان کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
برطانیہ کے وزیر اعظم کی صحت سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ بورس جانسن کو مناسب مقدار میں آکسیجن فراہم کی جارہی ہے، انہیں وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کو طبیعت بگڑنے پر گزشتہ روز آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ ڈومینک راب نے بورس جانسن کی ہدایات پر قائم مقام کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوا ساز کمپنیوں کو کورونا کی زیر تجربہ دوائیں برطانوی وزیر اعظم کو مہیا کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے ماہرین نے لندن میں بورس جانسن کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی ہے، دیکھنا ہے کہ وہ اس تجویز پر عمل کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔