• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا، پلازما تھراپی سے 2 بزرگ شہری صحت یاب

سیئول (اے ایف پی) جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ دو بزرگ شہری پلازما کے طریقہ علاج سے صحتیاب ہوگئے، ان افراد کو کورونا سے صحتیاب ہونے والے دیگر افراد سے لیا گیا پلازما لگایا گیا تھا، اس طریقہ علاج کی کامیابی سے دنیا بھر میں کورونا سے لڑنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ سائنسدانوں نے پلازمہ کے طریقہ علاج کو ممکنہ فوائد کے بارے میں بتایا ہے جس میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے شخص کے جسم میں اینٹی باڈیز پیدا ہوجاتی ہیں اور باڈی وائرس پر حملہ کرنے کے قابل ہوجاتی ہے، ماہرین کے مطابق جب تک کوئی ویکسین یا طریقہ علاج دستیاب نہیں اس وقت تک پلازما تھراپی اہم ہے۔ چین میں دسمبر میں سامنے آنے والے کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 75 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ عالمی سطح پر اس وائرس کے علاج اور اس سے بچائو کی ویکسین کی تیاری کی دوڑ جاری ہے۔ سیئول کے سیورینس اسپتال کے ڈاکٹر اور محقق چوئی جن یونگ کا کہنا ہے کہ ایسے مریض جن کی حالت تشویشناک ہو اور وہ اینٹی وائرس ڈرگز سے صحتیاب نہ ہوں ان میں پلازما تھراپی متبادل طریقہ علاج کے طور پر سامنے آسکتی ہے۔ سیورینس اسپتال ہی میں دو مریض پلازما تھراپی سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اس طریقہ علاج کو مزید موثر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر کلنیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں میں ایک کی عمر 71 برس تھی اور ان کی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی تاہم ایک 20 سال سے زائد عمر کے نوجوان جو کورونا سے صحتیاب ہوچکا تھا سے لئے گئے پلازما اور اسٹورائڈز کے بعد مریض صحتیاب ہوگیا۔
تازہ ترین