ممتاز قانون داں ایس ایم ظفر نے بھی جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی اراضی کیس میں طویل حراست بلاجواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن اور ان کے والد خود کامیاب صحافت کی ایک تاریخ ہیں۔
ڈاکٹر ایس ایم ظفر نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کی طرف سے نیب کو دیے گئے بیان پر مجھے پورا یقین ہے، انہوں نے اور ان کے والد نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔
ممتاز قانون داں کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے میر شکیل الرحمٰن کے بیان کو جھٹلایا نہیں گیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن نے نیب کے تمام تقاضوں کو پورا کیا، نیب کے تمام سوالات کا جواب دیا اور اسے تمام متعلقہ دستاویزات بھی فراہم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو مزید حراست میں رکھنا مذموم عزائم اور انتقامی سمجھا جائے گا۔