اسلام آباد(جنگ نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہوں گی تاکہ بازاروں میں فروخت نہ ہوسکیں۔
کورونا ٹیسٹس کم ہونے کا تاثر غلط،سندھ میں کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہونگی،اب تک تمام وفاقی حکومت کے فنڈ سے خریدا گیا ،صوبوں نے کوئی خریداری کی نہ کوئی فنڈ دیا۔
روزانہ 30سے40ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت موجودہے، چین سے منگوایا گیا سامان تما صوبوں کو دینگے،۔این ڈی ایم اے کی جانب سے چین سے منگوایا گیا سامان اسلام آباد پہنچ گیا۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی خریداری میں صوبوں نے کوئی فنڈ نہیں دیے، اب تک جتنا بھی سامان آیا ہے یا خریدا گیا وہ سب وفاقی حکومت کے فنڈ سے آیا ہے اور صوبوں سے کوئی خریداری نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے ٹیسٹس کم ہونے کا تاثر غلط ہے، ملک میں ٹیسٹ کٹس اور مشینوں کی کمی نہیں، روزانہ 30سے40ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت تک موجودہے، آرمی چیف نے فوج کی 11 لیبارٹریز بھی استعمال کے لئےدی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین سےآنیوالاسامان تمام صوبوں کوفراہم کریں گے، پنجاب کے اسپتالوں کے لیے حفاظتی سامان کل تک پہنچ جائے گا جبکہ خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں سامان پہنچ چکا ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا سامان فوجی اداروں کے ذریعے ہسپتالوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ جو خلا موجود تھا اور سامان نرسز ڈاکٹرز تک نہیں پہنچ رہا تھا، وہ ان تک پہنچ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب جو بھی سامان جاری ہوگا اس پراین ڈی ایم اےکی مہرلگی ہوگی،اس کا مقصدسامان کو بازار سمیت دیگرمقامات پر فروخت ہونے سے بچانا ہے۔