ماہرین نے عمارت کی دیواروں میں لگی اینٹوں کو ایک طر ح کا کیمرہ بنا کر اس میں تابکاری سے متاثر ہونے کا مکمل احوال معلوم کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔یہ ٹیکنالوجی نارتھ کیرولائنا اسٹیٹ یونیو رسٹی کے سائنس دانوں نے تیار کی ہے ، جس میں بصری لحاظ سے اینٹوں کی دمک کو بڑھایا گیا ہے۔ چوں کہ بم سازی کے درجے کی پلوٹونیئم کئی طرح کی معدنیات سے اپنا تعامل کرتی ہے اسی لحاظ سے کسی دیوار یا اینٹ کے قریب یہ تابکار مادہ لایا جائے تو اس کا تاریخی ریکارڈ مرتب ہوتا رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تعمیراتی مٹیریل عین تھری ڈی شکل کی طرح کام کرتا ہے اور گیما شعاعوں کے آثار کو نوٹ کرسکتا ہے۔ بعض اقسام کی معدنیات مثلاً کوارٹز اور فیلڈسپارگیما شعاعوں سے عمل کرتی ہیں اور اس کے الیکٹران ان معدنیات میں قید ہوجاتے ہیں۔ لیکن جب انہیں سرگرم کیا جائے تو اندر پھنسے الیکٹران باہرنکل آتے ہیں جن کی پیمائش فوٹو ملٹی پلائیر نامی آلے پرکی جاسکتی ہے۔ اس طرح نہ صرف ماضی بلکہ اس وقت بھی علاقے میں موجود کسی تابکار مادّے کی موجودگی کا پتا لگایا جاسکتا ہے۔