• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ، آج عام تعطیل، تعلیمی ادارے بند

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےبارشوں کے پیش نظرکراچی میں آج عام تعطیل کا اعلان کرتےہوئے کہاہے کہ شہر میں مزید بارش کا امکان ہے ‘عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں میں رہیں ۔قبل ازیں وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے شدید بارشوں کے باعث بدھ 20اگست کو کراچی کے تمام نجی و سرکاری اسکول اور کالجز بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایاگیاکہ کراچی میں منگل کو 12گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 245ملی میٹر بارش ہوئی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہواتاہم اہم شاہراہیں کسی حد تک کلیئر کردی گئی ہیں‘بریفنگ میں مزیدبتایاگیاکہ نالے بارش کا پانی نکال رہے ہیں‘ صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اس اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی شہر کے دورے کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزرا ، میئر اور کمشنر کراچی بھی تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کو شہر میں بحالی کے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق طوفانی بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث 20 اگست کو سندھ حکومت نے کراچی ڈویژن میں تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا، میئر کراچی کو تمام ضروری مشینری اور عملے کو تیار رکھنے کی ہدایت ،سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت دی ہے کہ خطے میں جاری بھاری مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت ہائی الرٹ رہیں۔وزیراعلیٰ نے بارشوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نالوں اور برساتی ندی نالوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالنے کے لیے تمام ضروری مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میئر کراچی کو خصوصی طور پر ہدایت دی کہ تمام مشینری مکمل طور پر فعال ہو اور عملہ فوری کارروائی کے لیے متحرک رکھا جائے۔

اہم خبریں سے مزید