• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،مراد سعید


وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار اور کورونا کے خلاف معنی خیز حکمت عملی سے قاصر ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے وزیراعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی آج کی پریس کانفرنس سے ہماری تشویش کومزید تقویت ملی ہے، مراد علی شہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور کورونا سے لڑنے کے لیے حکمت عملی سے بھی قاصر ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ قوم وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ٹھوس حکمت عملی کےاعلان کی منتظرہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کی پوری توجہ آٹاچینی کمیشن رپورٹ اور اس کے اثرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ چاہتے ہیں کہ سیاسی بیانات داغ کرقوم کی توجہ سندھ حکومت کی بےعملی سے ہٹا دی جائے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کہ مراد علی شاہ کی یہ خواہش پوری کی تو سندھ ہی نہیں پورا ملک اس کا خمیازہ بھگتے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو دھمکانے اورخوف و ہراس پیدا کرنے کی بجائے وزیراعلیٰ سندھ اپنی ترجیحات پر نظر ثانی کریں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ہم نے سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کیا، ہم پر الزام ہے کہ ہم نے لاک ڈاون کے معاملے میں زبردستی کی، آج بھی وزیر اعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہے، میں ہر کانفرنس میں سندھ کی صورتحال سےوزیر اعظم کو آگاہ کرتا ہوں جبکہ 25 مارچ کو وزیر اعظم کو خط لکھ کر صوبے کی ضروریات سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 14 اپریل تک لاک ڈاؤن پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ہم نے لاک ڈاون سب سے صلاح مشورہ کرکے بہت سوچ سمجھ کر کیا تھا۔

تازہ ترین