راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے نئے ایگزیکٹو آفیسر محمد عمر فاروق علی ملک نے آر سی بی ایریا ز کو والٹن کینٹ ایریاز بنانے کا پلان ترتیب دیدیا ۔ ریونیو میں اضافہ سمیت ہر شعبہ جن میں گارڈن برانچ ، انجینئرنگ ، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف، تجاوزات کے خاتمہ، شجرکاری مہم شامل ہیں کیلئے سٹینڈرڈ سسٹم بنائے جا رہے ہیں ، سینی ٹیشن برانچ کی اپ گریڈیشن کیلئے گاڑیوں کی مینٹی نینس کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ایگزیکٹو آفیسر کیلئے سب سے بڑا چیلنج کمرشل یونٹس سے موقع کے مطابق ریونیو کی وصولی میں آئے گا کیونکہ عملہ اور مالکان جائیداد کی مبینہ ملی بھگت سے بعض پلازوں اور مارکیٹوں سے موقع کے مطابق پراپرٹی ٹیکس وصول نہیں کیا جا رہا، اگر موقع پر کوئی یونٹ کرایہ پر ہے تو ریکارڈ میں اسے سیلف لکھا ہوا ہے اور ذاتی استعمال کا پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس کیلئے پہلے ایماندار افسران و اہلکاروں سے سروے کروانے کی ضرورت ہو گی تاکہ پتہ چل سکے کہ کن پلازوں اور مارکیٹوں میں اس طرح کی بےقاعدگیاں پائی جا رہی ہیں اس کے مطابق ہی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہو گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ریونیو میں اضافہ کر کے ہی راولپنڈی کینٹ بورڈ کے ایریاز کو والٹن کینٹ بورڈ کے ایریاز کے برابر لایا جاسکے گا۔