• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذخیرہ اندوزوں کیخلاف نیا قانون لا رہے ہیں: حماد اظہر

وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر کہتے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف نیا قانون لا رہے ہیں، ذخیرہ اندوزی پر سزا دکان کے مالک کو ملے گی۔

وفاقی وزیر حماد اظہرنے جی نائن مرکز میں یوٹیلٹی اسٹور پر رمضان پیکیج کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ ڈھائی ارب کے وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ صنعت نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو حکومتِ پاکستان نے 50 ارب روپے دیے ہیں، پہلے 5 اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی تھی، اب 19 پر دی جا رہی ہے، موبائل یوٹیلٹی اسٹورز بھی قائم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، ملک میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی ترسیل جاری ہے۔

حماد اظہر نے بتایا کہ تخمینہ ہے کہ رمضان میں 80 لاکھ سے ایک کروڑ گھرانے مستفید ہوں گے، قیمتوں پر کنٹرول کرنے کا نظام موجود ہے، ہم بڑی تعداد میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موبائل یوٹیلٹی اسٹورز شروع کیے ہیں جن کی تعداد 200 ہے، اس وقت مشکلات ہیں، چھوٹے تاجروں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، چھوٹے اور درمیانے کاروباری افراد کے لیے پیکیج لا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 10 ارب روپے جاری

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلیف پیکیج صرف رمضان تک محدود نہیں رہے گا، یوٹیلٹی اسٹورز ایک آٹو میٹک ڈیجیٹل ادارہ بننے جا رہا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز میں بھی اصلاح کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو جو سیکٹرز کھولے جا رہے ہیں وہ باقاعدہ تحقیق کے ساتھ کھول رہے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کاروباری طبقے کے حالات بھی بہتر کرسکیں، ہمیں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین