کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو’’ جیو پا کستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ کورونا کے دوران بھی آٹا اور چینی کی فرانزک رپورٹ 25اپریل کو آرہی ہے،سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ کاروبار کے لئے ایس او پیز بنا لی گئی ہیں،ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہو ئے کیسز پر لاک ڈائون میں توسیع کی ، ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا کہ پشاور میں شرح اموات میں اضافہ کی بڑی وجہ عوام کی بے احتیاطی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ شید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کے حالات اور معاملات بتا رہے ہیں کہ وہ دھر لیے جائیں گے۔کیا حکومت کے خلاف کوئی مہم کی تیاری ہو رہی ہے ، اس سوال پر وزیر ریلوے نے کہا کہ کورونا کے دوران بھی آٹا اور چینی کی فرانزک رپورٹ 25اپریل کو آرہی ہے جبکہ آئی پی پی کی رپورٹ عام ہو گئی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ تین بڑے اہم معاملات ہیں اگر حکومت ان معاملات سے صحیح نبردآزما ہو ئی تو سرخرو ہو جائے گی۔