پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور فنکاروں نے کورونا سے آگاہی کے لیے مختصر فلم ’کال ٹو ایکشن‘ بنالی۔
چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے عالمی وبا کی شکل اختیار کرلی ہے جس سے دُنیا کا ہر ایک شخص خوف زدہ ہے اور ہر ایک شخص اِس وائرس سے خود کو بچانے کے لیے ماہرین کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر کرتا نظر آرہا ہے۔
کورونا وائرس کی اِن ہی احتیاطی تدابیر سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے پاکستانی فنکاروں نے کورونا وائرس کی آگاہی سے متعلق ایک مختصر فلم بنائی ہے جس کا عنوان ’کال ٹو ایکشن‘ ہے۔
کورونا وائرس کی آگاہی سے متعلق اِس مختصر فلم میں پاکستانی فنکاروں نے لوگوں کو کورونا سے حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
فلم میں پاکستان کے نامور فنکاروں نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے جن میں حمزہ علی عباسی، ریما خان، ہمایوں سعید، شہزاد رائے، مایا علی، شہریار منور، عائشہ عُمر، زارا نور عباس، بلال مقصود، علی رحمٰن، شنیرا اکرم، وسیم اکرم، فیصل کپاڈیا، اقرا عزیز حسین، یاسر حسین، میکال ذوالفقار اور انور مقصود شامل ہیں۔
اِس فلم کا دورانیہ 2 منٹ 45 سیکنڈز ہے اور اِس مختصر فلم کو اداکارہ زارا نور عباس نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیا۔
زارا نور عباس نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’احتیاط کرو اور جیتے رہو۔‘
اداکارہ نے اپنے کیپشن میں کچھ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے CoronaAwareness ، CallToAction اور ShortFilm۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی کل تعداد 11 ہزار 155 ہو چکی ہے اوراس وباء سے اموات کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 لاکھ 25 ہزار 487 ہو چکی ہے اور اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 91 ہزار 57 ہو گئیں۔