• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ کورونا نے سب کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ فن کار برادری بھی اس کورونا کی مصیبت سے پریشان ہے۔ ابھی خبر ملی کہ تھائی لینڈ میں شوٹنگ کے لیے جانے والے پاکستانی فن کاروں کو پاکستان واپس لانے کےلیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلے ہدایت کار اور اداکار تنویر جمال کی خبر آئی تھی کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ جاپان میں پھنسے ہیں، اس کے بعد تھائی لینڈ سے خبر ملی کہ ہمارے فن کار ایئرپورٹ بند ہو جانے اور فلائٹس کینسل ہو جانے کے سبب وہاں پھنس گئے ہیں۔ 

محب مرزا نے سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت سے اپیل کی، اُن کی ٹیم کے ممبران پریشانی کے عالم میں تھے، شیڈول کے مطابق مارچ کے آخری ہفتے میں انہیں فلم کی شوٹنگ مکمل کر کے وطن واپس پہنچنا تھا، مگر کورونا نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو ایسا اپنی لپیٹ میں لیا کہ سب کچھ رُک گیا ہے۔ اس کے باوجود بھی ہمارے گلوکار، موسیقار، فن کار اپنی گھریلو مصروفیات کی ویڈیو بنا بنا کر سوشل میڈیا پہ اپ لوڈ کر رہے ہیں۔ 

خواتین تو کچن میں ہی زیادہ مصروف ہو گئیں ہیں۔ شائستہ لودھی نے پہلے باورچی خانے میں جا کے کچھ دن تو مختلف ڈشز بنانے کی تراکیب بتائیں پھر اپنے خاوند کی حجامت بنائی اور اسے فیس بک پر بھی شیئر کیا، شرمیلا فاروقی، ماہرہ خان اور مایا علی بھی اپنے جدید کچن میں کوکنگ کا شوق پُورا کرتی نظر آئی ہیں۔ بھارتی اداکارائیں بھی آج کل کچن کوئن بنی ہوئی ہیں، سب کو لگتا ہے کہ کورونا کے باعث اب گھر میں رہ کے گھرداری ہی میں دل لگانا ہے۔ شلپا شیٹھی تو یوگا کرتے کرتے اب اپنا وقت گھر میں اور اپنے لان میں جھاڑو لگاتے، پودوں کو پانی دیتے گزار رہی ہیں۔

ایک خبر اور ایسی ملی ہے، جس کو سُن کر بہت دُکھ ہوا ہے اور دل کو تکلیف پہنچی ہے۔ ہماری بہت اچھی فن کارہ نادیہ جمیل کینسر میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ نادیہ جمیل بہت وراسٹائل اداکارہ ہیں۔ انہوں نے بہت سے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ہم نے انہیں ٹیلی ویژن پر میزبانی کرتے ہوئے بھی دیکھا۔ پیاری سی نادیہ جمیل کو سرطان کا موذی مرض لاحق ہو گیا ہے اور حال ہی میں اُن کی سرجری ہوئی ہے۔ ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نادیہ جمیل کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور انہیں اس مرض سے جلد از جلد چھٹکارا دے۔ آمین

چھٹکارا تو جانے کب اس کورونا وائرس سے ملے گا۔ اپنی زندگی میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے، کبھی کبھی شدید یاسیت ہونے لگتی ہے۔ ایسے مایوس کن حالات میں کچھ بہادر فن کار ہیں، جو جواں مردی سے ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مثلاً گلوکار عارف انصاری ، اُن کو فیس بُک پر جب گانا گاتے دیکھو یا اُن کی باتیں سنو تو نیا حوصلہ ملتا ہے۔ ہمارے دوست اور نامور گلوکار اور کمپوزر ندیم جعفری نے ہمیں ایک گیت بھیجا ہے، جو موجودہ صورت حال کے حوالے سے موزوں ہے۔ اگرچہ یہ گیت اُن کا لکھا یا کمپوز کیاہوا نہیں، نہ ہی انہوں نے اسے گایا ہے۔ تاہم مشکل وقت میں ہمت و حوصلہ اور خوشیاں بانٹنے والی پوسٹ بہت تقویت دیتی ہے۔ 

انسان ایک سماج میں رہتا ہے، جہاں اسے لوگوں کے ساتھ میل جول کی ضرورت رہتی ہے، چوں کہ اب سب گھروں میں محصور ہیں تو سماجی رابطہ انٹرنیٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ندیم جعفری نے ہمیں بتایا کہ وہ بہت جلد ایک گیت پیش کرنے والے ہیں، جس میں آج کل کے حالات کو خُوب صورتی سے بیان کیا جائے گا۔ ندیم جعفری بہت باصلاحیت گلوکار اور موسیقار ہیں۔ جیو کی سگنیچر دُھن ان ہی کی بنائی ہوئی ہے۔ دوسری جانب اداکارہ میرا نے انتہائی اسٹائل کے ساتھ صابن سے ہاتھ دھو کے اپنے پرستاروں کویہ سمجھایا کہ وباء سے بچنے کے لیے ہاتھ کیسے دھوتے ہیں۔ 

ہماری ریما بی بی جو اب شادی کر کے امریکا جابسی ہیں ، اپنے شوہر ڈاکٹر طارق کے ساتھ بیٹھ کے سوشل میڈیا پر کورونا سے بچائو کے اقدامات بتاتی ہیں۔ انہوں نے بھی میرا کی طرح صابن سے دھوکے لوگوں کو دکھایا کہ دیکھیں اس طرح20 سیکنڈ تک اپنے ہاتھ صابن سے دھوئیں۔ ریما اور میرا اب فلموں سے ہاتھ دھو چکی ہیں، مگر صابن سے ہاتھ دھوکر سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں سے ان کا رابطہ برقرار ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین