اسلام آباد(پی پی آئی)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کورونا وائرس کے باعث پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری و دیگر کیخلاف فرد جرم کی کارروائی جون تک موخر کر دی۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے جعلی اکائونٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ نیب پراسکیوٹر وسیم جاوید اور تفتیشی افسر قاسم خان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ آصف زرداری بیماری اور ہمشیرہ فریال تالپور کورونا احتیاطی تدابیر کے باعث پیش نہ ہوئیں۔عدالت نے سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی 10 جون تک ملتوی کردی۔ پیر 27 اپریل کو ہونے والی سماعت میں زرداری اور فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنی کی درخواست عدالت کے روبرو پیش کی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی، عدالت عید کے بعد کیس کی تاریخ دے۔سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین کیس میں فرد جرم بھی موخر کر دی گئی۔ پنک ریذیڈنسی، نہرخیام غیرقانونی الاٹمنٹ کے ریفرنسز پر بھی سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی گئی۔