کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر پوری قوم کا اتفاق ہے،حکومت 18ویں ترمیم کو متنازع نہ بنائے،صدر الخدمت فاوٴنڈیشن عبدالشکور نےکہا کہ ایک ارب روپے سے زائد کی رقم سے غربا کی امدادکرچکے ہیں، وزیرتوانائی سندھ امتیازشیخ نے کہا کہ نئی ایس اوپیز اس لئے بن رہی ہیں کیوں کہ کورونابھی دنیا میں پہلی بار آیا ہے ۔ کراچی کے تاجروں کے لئے مزید آسانیاں پیداکریں گے۔رہنما مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ 18ویں ترمیم پر پوری قوم کااتفاق ہے ۔کورونا کی وباملک بھرمیں پھیلی ہوئی ہے ہمیں اس وقت قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔حکومت 18ویں ترمیم کو متنازع نہ بنائے ۔صوبوں کو اختیارات دیئے گئے ہیں ان سے اختیارات واپس لینے کا جواز نہیں صوبوں اوروفاق میں ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہوگا ۔18ویں ترمیم کے حوالے سے حکومت نے ہم سے رابطہ نہیں کیا البتہ نیب قوانین پر بات چیت ہوئی ہے ۔