پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی اور اُن کے شوہر اداکار سلمان شیخ (مانی) نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گزشتہ روز تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حرا مانی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ مانی بھی موجود ہیں۔
ویڈیو میں سب سے پہلے حرا اور مانی نے اپنے تمام مداحوں کو سلام کیا، اُس کے بعد مانی نے کہا کہ ’آج ہم اُس جگہ موجود ہیں جہاں ہم اُن راشن بیگز کو تیار کرتے ہیں جو ہم مستحق لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔‘
مانی نے کہا کہ ’رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوگیا اور ہم یہ نیک کام گزشتہ 30 دنوں سے کر رہے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہم یہ نیک کام بڑی خوشنودی سے، آپ کی مدد سے اور آپ کے پیار و محبت سے کر رہے ہیں۔‘
دوسری جانب حرا مانی نے کہا کہ ’اِس ضمن میں ہم پاک بحریہ کے بہت زیادہ شُکر گُزار ہیں کیونکہ اُنہوں نے اِس راہِ نیک میں ہمارے ساتھ تعاون کیا اور ہمارا کام دیکھتے ہوئے ہمیں بہت ساری چینی بھیجی تاکہ ہم یہ چینی راشن بیگز میں ڈال کر مستحق لوگوں تک پہنچا سکیں۔‘
یہ بھی پڑھیے: ﷲ پاک نے قرنطینہ میں نئی راہ دکھا دی، حرا مانی
اداکارہ نے کہا کہ ’پاک بحریہ نے ہمیں چینی دے کر ہمارے ساتھ بہت بڑا تعاون کیا ہے جس کے لیے میں پاک بحریہ کو سلام پیش کرتی ہوں اور میرا بہت سارا پیار پاک بحریہ کے لیے۔‘
مانی نے کہا کہ ’پاک بحریہ ہمیشہ سے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی آئی ہے اور اِس مرتبہ پاک بحریہ نے ایک نیک کام میں اپنا حصہ بھی ڈالا ہے جس کے لیے میں اُن کا تہہ دل سے شُکر گُزار ہوں۔‘
واضح رہے کہ حرا مانی اور اُن کے شوہر سلمان شیخ کورونا وائرس کی اِس وبا میں مستحق افراد کی مدد کرنے کے لیے گزشتہ ایک ماہ سے راشن تقسیم کررہے ہیں اور اِس نیک کام میں اُن کے ساتھ دیگر صاحبِ استطاعت لوگوں کی طرح اب پاک بحریہ بھی شامل ہے۔