چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث معاشی خرابی سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار متاثر ہوئے ہیں۔
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت سکڑ رہی ہے، حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ محنت کشوں کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وبا کے دوران غریبوں اور دیہاڑی دار کو جلد امداد کی فراہمی یقینی بنائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ غریب مزدوروں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے، ریاست نے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دینے کی ذمہ داری کا بوجھ اپنے کندھوں سے اتار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اداروں کی نجی کاری، صوبوں کو آئینی اختیارات و رقوم سے محروم رکھنے کی سازشیں لمحہ فکریہ ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران کسی بھی ملازم کے ملازمت سے نکالنے پر پابندی عائد کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں لاکھوں بے روزگار مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو ان کے گھروں کی دہلیز پر راشن فراہم کیا گیا۔