پاکستان ٹی وی اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے سوشل میڈیا پر اپنے ماضی کے انٹرویو کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرکے مداحوں کو معنی خیز پیغام دے دیا۔
مایا علی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ’آپ کی زندگی میں کتنی ہی مشکلات کیوں نہ آجائیں آپ نے ہمت نہیں ہارنی۔‘
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میرا ماننا یہ ہے کہ جہاں انسان ہمت ہار جاتا ہے وہاں وہ ختم ہوجاتا ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کے مشکل وقت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بھی بہت مرتبہ ٹوٹی ہوں، بہت بار گِری ہوں لیکن میں پھر بھی خود کو اُٹھاتی ہوں، مشکل گھڑی میں خود کو سنبھالتی ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ اللّہ نے مجھے اِس آزمائش میں ڈالا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اللّہ کی ذات ہی مجھے اِس آزمائش سے نکالے گی۔‘
مایا علی نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں آج جو کچھ بھی ہوں اور جہاں پر بھی ہوں اُس کے لیے اللّہ تعالیٰ کی شُکر گزار ہوں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ کی زندگی میں چاہے کامیابیاں ہوں، ناکامیاں ہوں، بلندیاں ہوں، پریشانیاں ہوں، آپ کو ہر حال میں صرف اللّہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھنا ہے کیونکہ بے شک اُس کے پاس آپ کے لیے بہترین منصوبے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے: مایا علی نےسوشل میڈیا سے عارضی دوری اختیار کرلی
یاد رہے کہ مایا علی نے گزشتہ ماہ کچھ دن کے لیے عارضی طور پر سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی تھی اور دو روز قبل ہی وہ دوبارہ سے سوشل میڈیا پر فعال ہوئی ہیں۔